ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025 کے لیے پاکستان چیمپئنز اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے جس میں مڈل آرڈر بیٹر عمر امین کی حیران کن شمولیت سب سے نمایاں پہلو بن کر سامنے آئی ہے۔
یہ پہلا موقع ہوگا جب عمر امین اس فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ پاکستان چیمپئنز کی ٹیم اپنا پہلا میچ آج 18 جولائی کو انگلینڈ چیمپئنز کے خلاف ایجبسٹن، برمنگھم کے میدان پر کھیلے گی، جہاں اس ایونٹ کا دوسرا سیزن باقاعدہ طور پر شروع ہوگا۔
اس بار ٹیم کی قیادت سابق کپتان محمد حفیظ کو سونپی گئی ہے، جو یونس خان کی جگہ یہ ذمہ داری نبھائیں گے۔ یونس خان اور مصباح الحق جو پچھلے ایڈیشن کا حصہ تھے، اس بار اسکواڈ میں شامل نہیں کیے گئے۔
اسکواڈ میں نئے شامل ہونے والے نمایاں کھلاڑیوں میں وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد اور لیفٹ آرم فاسٹ بولر رومان رئیس شامل ہیں جبکہ سینئر کھلاڑیوں جیسے شاہد آفریدی، شعیب ملک، شرجیل خان، وہاب ریاض اور سہیل تنویر کو برقرار رکھا گیا ہے۔
گزشتہ سال کھیلے گئے پہلے سیزن میں پاکستان چیمپئنز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، اور بھارت کو شکست دی تھی، اور سیمی فائنل میں بھی کامیابی حاصل کی۔
بھارت کے خلاف 243 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا گیا تھا جس میں 68 رنز سے فتح حاصل کی گئی تاہم فائنل میں ایک بار پھر روایتی حریف بھارت کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا اور پاکستان پانچ وکٹوں سے ہار گیا۔
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025 میں دنیا کی چھ ریٹائرڈ اسٹار ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستان، بھارت، انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔
اس ایونٹ کا سب سے بڑا اور سنسنی خیز مقابلہ 20 جولائی کو پاکستان اور بھارت کے درمیان ایجبسٹن میں ہوگا جسے دیکھنے کے لیے دنیا بھر کے شائقین پرجوش ہیں۔
پاکستان چیمپئنز کے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے نام درج ذیل ہیں: محمد حفیظ (کپتان)، شعیب ملک، صہیب مقصود، عمر امین، شرجیل خان، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، شاہد آفریدی، آصف علی، عامر یامین، وہاب ریاض، رومان رئیس، سہیل تنویر، اور سہیل خان۔