پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں جمعرات کے روز بھی کمی کا رجحان برقرار رہا جو بین الاقوامی منڈی میں ہونے والی تبدیلیوں کی عکاسی کرتا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 900 روپے کی کمی ہوئی جس کے بعد نئی قیمت 3لاکھ 55ہزار 100 روپے ہو گئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 771 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جو اب 304414 روپے ہے۔
یہ کمی بدھ کے روز ہونے والی بڑی گراوٹ کے بعد دیکھنے میں آئی، جب سونے کی فی تولہ قیمت میں 3000 روپے کی بھاری کمی ہوئی تھی اور نرخ 356000 روپے پر آ گئے تھے۔
عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان رہا۔ آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق بین الاقوامی سطح پر سونے کی فی اونس قیمت 9 ڈالر کی کمی کے بعد 3326 امریکی ڈالر پر آ گئی جس میں 20 ڈالر کا پریمیم بھی شامل ہے۔
صرف سونا ہی نہیں بلکہ چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی۔ چاندی کی فی تولہ قیمت میں 50 روپے کمی ہوئی اور نئی قیمت 3964 روپے مقرر ہوئی۔