مقبول ترین گانے “کانٹا لگا” سے شہرت پانے والی بھارتی اداکارہ و ڈانسر شیفالی جریوالا کی اچانک موت نے شوبز اور فٹنس حلقوں میں ایک نئی تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔
محض 41 سال کی عمر میں دل کی بندش سے دنیا چھوڑ جانے والی اس باصلاحیت آرٹسٹ کے آخری لمحات اب ان کی قریبی دوست نے بیان کر دیے ہیں، جنہوں نے کئی چونکا دینے والے پہلوؤں پر روشنی ڈالی ہے۔
اداکارہ کی دوست پوجا گھائی کے مطابق، واقعے کی رات شیفالی کے شوہر پراگ تیاگی معمول کے مطابق اپنے پالتو کتے کو واک پر لے کر گئے تھے، جب اچانک گھر سے ملازمہ کا فون آیا کہ “میڈم کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، فوراً واپس آئیں!”
پراگ نے فوری طور پر ملازمہ کو نیچے بلا کر کتے کو تھمایا اور خود بھاگتے ہوئے لفٹ سے اوپر پہنچے۔ ان کا کہنا ہے کہ شیفالی اس وقت بیہوش حالت میں تھیں، آنکھیں بند اور دل کی دھڑکن مدھم لیکن جاری تھی۔ پراگ نے فوری طور پر اسپتال لے جانے کا فیصلہ کیا، مگر بدقسمتی سے ڈاکٹرز نے اطلاع دی کہ وہ اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکی تھیں۔
پوجا گھائی کے مطابق، شیفالی نے موت سے صرف ایک دن قبل گھر پر پوجا کا اہتمام کیا تھا، اور پورا گھر سجایا ہوا تھا۔ اس دن انہوں نے ورت رکھا تھا، دن کے وقت وٹامن سی کا IV انجیکشن لگوایا، اور رات کے کھانے کے بعد طبیعت اچانک بگڑ گئی۔
شیفالی کی ناگہانی موت نے فٹنس، بیوٹی ٹریٹمنٹس اور اینٹی ایجنگ رجحانات پر نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ کیا یہ محض قدرتی حادثہ تھا؟ یا بڑھتی ہوئی بیوٹی انجیکشنز اور مصنوعی علاجوں کا کوئی ممکنہ پہلو اس کہانی کا حصہ ہے؟ یہ سوال اب شوبز حلقوں سے لے کر عام صارفین تک، سب کے ذہنوں میں گردش کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ شیفالی زری والا 2000 کی دہائی کے اوائل میں “کانٹا لگا” سے راتوں رات مقبول ہو گئی تھیں اور بعدازاں ریئلٹی شوز اور اسٹیج پرفارمنسز کا چہرہ بنی رہیں۔