حکومت پاکستان نے اپنے پہلے گرین سکوک کے آغاز کے ساتھ ملک کے پائیدار مالیاتی سفر میں ایک اہم ترین سنگ میل کا اعلان کیا ہے ۔
فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق20 ارب روپے سے 30 ارب روپے کے درمیان افتتاحی اجراء نیلامی کے عمل کے ذریعے کیا جائے گا۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ مختلف بینک جوائنٹ فنانشل ایڈوائزرز ہیں کابینہ کی منظورکردہ پائیدار سرمایہ کاری سکوک فریم ورک کی بنیاد پر اجرا کیا گیا ہے یہ اقدام پاکستان کے وژن 2028 سے ہم آہنگ ہے۔
گرین سکوک پروگرام کو مشترکہ مالیاتی مشیروں کے تعاون سے تشکیل دیا گیا ہے جس میں میزان بینک لمیٹڈ، بینک الفلاح لمیٹڈ، دبئی اسلامک بینک پاکستان لمیٹڈ، اور بینک اسلامی پاکستان لمیٹڈ شامل ہیں۔
یہ اہم مالیاتی آلہ اقتصادی ترقی کو فروغ دیتے ہوئے ماحولیاتی طور پر پائیدار منصوبوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان کی سکوک مارکیٹ میں انقلاب برپا کرنے کے لیے تیار ہے۔
گرین سکوک پاکستان کی مالیاتی منڈیوں کو گرین فنانسنگ کے عالمی بہترین طریقوں سے ہم آہنگ کرنے میں ایک اہم قدم ہے۔
گرین سکوک سرمایہ کاروں کو اقتصادی ترقی کو فروغ دیتے ہوئے ماحول دوست منصوبوں کی حمایت کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔
پائیدار مالیات کو پاکستان کی ترقیاتی حکمت عملی کے بنیادی حصے میں ضم کرنے کی جانب یہ ایک تاریخی قدم ہے۔