کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں روکنے کیلئے کریک ڈاؤن

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Karachi traffic police take action against violators

کراچی: شہر میں ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کا آغاز کر دیا ہے جس کے دوران ایک ہفتے میں 35 مقدمات درج کیے گئے اور 21ہزار 859 چالان جاری کیے گئے۔

اس مہم کا مقصد سڑکوں پر حفاظت کو یقینی بنانا اور ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کو یقینی بنانا ہے۔

کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق اس کارروائی کے دوران بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر 10 مقدمات درج کیے گئے جبکہ لاپرواہی اور غفلت سے ڈرائیونگ کرنے پر 8 مقدمات درج کیے گئے۔ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات کے خلاف 17 مقدمات بھی درج کیے گئے۔

کارروائی کے دوران بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے پر 6265 چالان جبکہ ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی پر 3778 چالان کیے گئے۔ بغیر نمبر پلیٹ موٹرسائیکل چلانے والوں کو 2619 چالان جاری کیے گئے جبکہ نو پارکنگ زون میں گاڑیاں کھڑی کرنے پر 2608 چالان کیے گئے۔

علاوہ ازیں فینسی نمبر پلیٹ کے استعمال پر 1861 چالان جبکہ سیاہ شیشوں والی گاڑیوں پر 1585 چالان کیے گئے۔ اضافی نشستوں والے رکشوں کے خلاف 1221 چالان اور غفلت برتنے والی ڈرائیونگ پر 796 چالان جاری کیے گئے۔

ون وے کی خلاف ورزی پر 610، اسٹاپ لائن عبور کرنے پر 382، لین کی خلاف ورزی پر 109، اور غیر مجاز نیلی پولیس لائٹس والی گاڑیوں کے خلاف 25 چالان کیے گئے۔

اس سے قبل ٹریفک پولیس نے کراچی میں ڈمپرز کی رفتار پر نظر رکھنے کے لیے ان میں کیمرے اور ٹریکر نصب کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ تیز رفتاری کے خلاف چالان جاری کیے جا سکیں۔

ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کے مطابق ڈیجیٹل نگرانی سے حادثات کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ نظام کامیاب ثابت ہوا تو اسے دیگر بھاری گاڑیوں تک بھی توسیع دی جائے گی۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے ڈمپرز میں سامنے اور پیچھے کے نظارے کے لیے کیمرے نصب کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ حادثے کی صورت میں ذمہ داری کا تعین کیا جا سکے۔

ان کے مطابق کراچی کی سڑکوں پر چلنے والے تمام ڈمپرز میں ٹریکرز بھی نصب کیے جائیں گے تاکہ ان کی نقل و حرکت کو مانیٹر کیا جا سکے۔

Related Posts