کراچی: بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ ڈپریشن میں تبدیل ہونے کا امکان سامنے آنے کے بعد ممکنہ سمندری طوفان کا نام رکھ دیا گیا۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی نے سسٹم کی نگرانی شروع کردی۔ بحیرہ عرب کے جنوب مشرقی علاقے میں کراچی کے جنوب مشرق میں کم و بیش 1 ہزار کلومیٹر کے فاصلے پر ہوا کے کم دباؤ کا علاقہ تشکیل پاگیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئندہ 2 سے 3 روز میں سازگار ماحولیاتی حالات کے باعث یہ سسٹم ڈپریشن میں تبدیل ہوجائے گا اور ابتدائی طور پر شمال مغرب کا رخ کرے گا۔ تاحال پاکستان کے کسی بھی ساحلی علاقے کے موسمی نظام سے متاثر ہونے کا خدشہ نہیں ہے۔
ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ ڈپریشن کے باعث ہواؤں کی رفتار میں اضافہ ہونے کا امکان ہے اور سمندر میں بھی کچھ طغیانی کا خدشہ ہے۔ بھارتی ماہر موسمیات نے کہا کہ سمندری طوفان بننے پر اس کا نام دانہ رکھا جائے گا جو قطر نے تجویز کیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی ہوا کا کم دباؤ ڈپریشن میں تبدیل ہوا اور سمندری طوفان اسنیٰ کی صورت اختیار کر گیا تھا، تاہم ستمبر کے دوران اسنیٰ عمان کے ساحل کے قریب جا کر دوبارہ ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا تھا۔