اسلام آباد: بغاوت کیس میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری دوبارہ جاری کردئیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ اسلام آباد میں آج بغاوت پر اُکسانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے شہباز گل کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے شریک ملزم کا ٹرائل ختم کردیا۔ عدالت نے شہباز گل کی گرفتاری کا حکم بھی دیا۔
بغاوت پر اکسانے کا کیس، شہباز گل کو اشتہاری قرار دینے کا تفصیلی فیصلہ جاری
سیشن کورٹ جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ شہباز گل کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں، شہباز گِل جہاں نظر آئیں، گرفتار کرکے عدالت میں لایا جائے۔ سپریم کورٹ شریک ملزم کے خلاف ٹرائل ختم کرنے کی ہدایت دے چکی ہے۔
قبل ازیں جون کے دوران ہی اسلام آباد کی عدالت نے اسی کیس میں سابق معاونِ خصوصی شہباز گل کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے۔ آج معزز جج طاہر عباس سپرا کا کہنا تھا کہ شریک ملزم کی حد تک کیس میں ٹرائل کو ختم کردیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی مقامی عدالت نے بغاوت پر اُکسانے کے کیس میں سابق معاونِ خصوصی شہباز گِل کو اشتہاری قرار دینے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔
ڈاکٹر شہباز گل کے خلاف ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے 2 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جولائی کے دوران جاری کیا تھا جس میں کہا گیا کہ شہباز گل پہلے کی طرح عدالت سے پھر غیر حاضر رہے۔