اسلام آباد: وفاقی وزیرِ صحت قادر پٹیل نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے لاکھوں غریبوں کے گھر مسمار کروا کر اپنا محل ریگولرائز کروایا، غریبوں کی بد دعائیں ان کا پیچھا کر رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں وزیرِ صحت عبدالقادر پٹیل نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اپنے دورِ حکومت میں لاکھوں غریبوں کے گھر مسمار کروائے، ان کو اسٹیل ملز پر تالا لگاتے ہوئے بھی رحم نہ آیا۔
بچوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔عبدالقادر پٹیل
بیان میں وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ عمران خان خطرناک ایجنڈے کے تحت قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کو ختم کرنا چاہتے تھے۔ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین سے پنشن کا حق بھی چھیننے کے خواہاں تھے۔
وزیرِ صحت قادر پٹیل نے کہا کہ عمران خان دور میں کیے گئے حکومتی فیصلوں کا خمیازہ قوم اور ملک بھگت رہا ہے۔ 9 مئی کے واقعات کے بعد قوم کے سامنے عمران خان کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیرِ صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ہم حفاظتی ٹیکہ جات تک رسائی 100فیصد یقینی بنانے کی حکمتِ عملی تشکیل دیتے ہوئے بچوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔
آج سے 3 ماہ قبل وفاقی وزیرِ صحت عبدالقادر پٹیل کی زیرِ صدارت فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایمونائزیشن کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔