لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف کے 43 اراکینِ قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کا حکم معطل کردیا ہے۔ پی ٹی آئی کی درخواست منظور کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق تحریکِ انصاف کے 43 اراکینِ قومی اسمبلی کی جانب سے استعفیٰ منظوری کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے درخواست کی سماعت کی۔
وزیر اعظم ، وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا دورۂ ترکی ملتوی
سماعت کے دوران لاہور ہائیکورٹ نے استعفے منظور کرنے کا حکم معطل کیا۔ درخواست گزاروں نے اسپیکر قومی اسمبلی کے 22 اور الیکشن کمیشن کے 25 جنوری کے نوٹیفکیشنز کو چیلنج کیا تھا۔
درخواست گزاروں کا عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہنا تھا کہ استعفے منظوری سے قبل واپس لے لیے گئے تھے، اسپیکر واپس لیے گئے استعفے منظور نہیں کرسکتا۔ منظوری بد نیتی اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔
عدالت سے استدعا کرتے ہوئے اپنی درخواست میں پی ٹی آئی اراکین نے مؤقف اختیار کیا کہ اسپیکر نے سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے استعفے منظور کیے۔ اراکین کو نہ بلایا گیا، نہ مؤقف جاننے کی کوشش کی گئی۔
ریاض فتیانہ سمیت پی ٹی آئی کے 43 اراکینِ قومی اسمبلی کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر نے عدالت کے سامنے دلائل دئیے۔ عدالت نے درخواست گزاروں کی استدعا منظور کرتے ہوئے ماضی کا حکم معطل کردیا۔