اسلام آباد: کراچی میں جاری بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 میں وزیر اعظم کی شرکت نہ کرنے کی وجہ سامنے آگئی، وزیر اعظم شہباز شریف کے کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔
وزیر خارجہ نے دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کا افتتاح کردیا
ٹوئٹر پیغام میں وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ 2 روز سے وزیر اعظم شہباز شریف کی طبیعت ناساز تھی۔ ڈاکٹر کے مشورے سے آج کورونا کا ٹیسٹ کروالیا۔
پیغام میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کورونا میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ عوام اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان سے وزیر اعظم کی جلد صحت یابی کی دُعا کی اپیل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کورونا پازیٹو ہوگئے ہیں۔ دو روز سے طبیعت ناساز تھی۔ ڈاکٹر کے مشورے سے آج کرونا ٹیسٹ کروایا گیا عوام اور کارکنان سے وزیراعظم کی جلد صحت یابی کی دعا کی اپیل ہے۔
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) November 15, 2022
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف کو عالمی نمائش کا افتتاح کرنا تھا، تاہم ان کی جگہ وزیرِ خارجہ نے دفاعی نمائش کا افتتاح کردیا۔ آئیڈیاز 2022 کی تقریب میں بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان میں بین الاقوامی تجارتی وعسکری وفود کو خوش آمدید کہا۔
کراچی میں بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کا انعقاد جاری ہے۔ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے۔