اسلام آباد: حکومت پاکستان نے اوپیک پلس ممالک کی جانب سے تیل کی پیداوار میں کمی کے خلاف دیے جانے والے بیانات پر اپنے ردعمل کا اظہار کردیا۔
ترجمانِ دفتر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اس معاملے پر سعودی عرب کی قیادت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ سعودی عرب کی جانب سے عالمی اقتصادی استحکام کے لیے تیل کی مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ سے بچنے کے خدشات کو سراہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب سے باہمی تعلقات اور احترام پر مبنی تعمیری نقطہ نظر کی حوصلہ افزائی کرتا ہے اور سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ، پائیدار اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتا ہے۔
جرمنی کا شمسی توانائی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کیساتھ تجارت بڑھانے پر اتفاق
خیال رہے کہ چند روز قبل سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے ایک بیان کہا تھا کہ اوپیک پلس کا تیل کارٹیل کے پیداواری ہدف کو یومیہ 20 لاکھ بیرل تک کم کرنے کا حالیہ فیصلہ خالصتاً اقتصادی وجوہات کی بنا پر کیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تیل پیدا کرنے والے ممالک کے توانائی کے وزراء نے گذشتہ بدھ کو ملاقات میں کٹوتیوں پر اتفاق کیا تھا جو اگلے ماہ سے نافذ العمل ہوں گی۔