اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ بجٹ میں سبسڈیز واپس لینے اور ٹیکس میں اضافے کا امکان ہے۔ روس نے تیل اور گندم پر 30 فیصد رعایت کی کوئی پیشکش نہیں کی تھی۔
مفتاح اسماعیل نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے گندم کے لیے یوکرین اور روس سے رابطہ کیا ہے، دونوں ملکوں میں سے جو بھی ہمیں گندم فراہم کرے گا ہم خرید لیں گے۔گزشتہ حکومت نے تیل کے لیے روس سے رابطہ کیا تھا، پابندیاں عائد ہونے کے بعد روس نے کوئی جواب نہیں دیا۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ بجٹ میں سبسڈیز واپس لینے اور ٹیکس میں اضافہ کا امکان ہے، عمران خان نے ہمیں پھنسانے کے لیے سبسڈیز کا اعلان کیا تھا۔آئی ایم ایف کی نظریں بجٹ پر ہیں اس کے بعد معاہدہ متوقع ہے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پہلے معیشت کو مستحکم کرکے پھر ہم الیکشن کی طرف جائیں گے۔ ن لیگ کے دونوں سابق وزرائے اعظم کا خیال تھا کہ ہمیں فوری الیکشن کروانا چاہیے، آئی ایم ایف پروگرام میں توسیع کے لیے ہمیں انتخابات نہ کروانے کا فیصلہ کرنا پڑا۔
مزید پڑھیں:وفاقی کابینہ کا لانگ مارچ سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ