پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف ڈائریکٹر ابو علیحہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی ٹی وی چینلز حقیقی صلاحیتوں کو پلیٹ فارم مہیا کرنے کی بجائے اقرباء پروری کو فروغ دے رہے ہیں جس کے تحت ہارون کادوانی اور اذان سمیع خان پر محنت کی جارہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں معروف ڈائریکٹر ابو علیحہ نے ہارون کادوانی اور اذان سمیع خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جیو ٹی وی عبداللہ کادوانی کے بیٹے ہارون کادوانی اور ہم ٹی وی اذان سمیع خان کو سپر اسٹار بنانے کیلئے محنت کررہا ہے۔
مشہورومعروف ڈائریکٹر ابو علیحہ نے کہا کہ جتنی محنت ان دونوں افراد کو سپر اسٹار بنانے کیلئے کی جارہی ہے، اتنے میں ناپا کے 20باصلاحیت ایکٹرز کو لے کر انہیں وہ پلیٹ فارم مہیا کیاجاسکتا تھا، جس کے وہ مستحق ہیں۔
ماہرہ، سجل اور عائزہ 100 خوبصورت ترین چہروں کی فہرست کیلئے نامزد
جاپان، فروزن میں اینا کیلئے صداکاری کرنے والی فنکارہ بلندی سے گر کر ہلاک
ابو علیحہ نے دونوں نجی ٹی وی چینلز کو اقربا پروری کو فروغ دینے پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین کو سمجھایا کہ ہر اوٹ پٹانگ ٹیزر کے کمنٹس میں واہ واہ لکھنا بند کریں۔ رزق دینے والا اللہ ہے۔ چینل مالکان نہیں۔
واضح رہے کہ ہارون کادوانی کے والد عبداللہ کادوانی پی ٹی وی کے دور سے ایک مشہورومعروف اداکار رہے اور آگے چل کر پروڈیوسر اور ڈائریکٹر بن گئے جو اب سیونتھ اسکائی پروڈکشن کمپنی کے مالک ہیں۔ یہی صورتحال اذان سمیع خان کی ہے۔
اذان سمیع خان بھارتی گلوکار عدنان سمیع خان اور پاکستانی اداکارہ زیبا بختیار کے صاحبزادے ہیں۔ اپنے اپنے دور میں زیبا اور عدنان سمیع خان کی جوڑی نے فلم کی دنیا پر نقوش چھوڑے اور آج بھی عدنان سمیع خان کے گیت بھارت میں بے حد مقبول ہیں۔
پیشہ ورانہ محاذ پر اذان سمیع خان پاکستان کے نامور گلوکار سمجھے جاتے ہیں جو ڈرامہ سیریل عشقِ لا میں اداکارہ سجل علی کے بالمقابل کردار نبھا رہے ہیں۔ عشقِ لا میں اداکارہ یمنیٰ زیدی بھی دونوں فنکاروں کے ہمراہ نظر آتی ہیں۔