اسلام آباد: حکومت نے ملک کے 3 بڑے ائیرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کیلئے 8 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کی سربراہی ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی خاقان مرتضیٰ نے ائیرپورٹس آؤٹ سورسنگ کیلئے مراسلہ جاری کردیا جس میں سرمایہ کاروں کو بر وقت ڈیٹا فراہمی اور معلومات کی دستیابی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ لاہور، کراچی اور اسلام آباد ائیرپورٹس کو ہدایات جاری کردی گئیں۔
تینوں ائیرپورٹس کو ڈیٹا جمع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا کہ کنسلٹنٹ فرم کو سہولیات کی فراہمی، آؤٹ سورسنگ سے متعلق وزارتِ ہوا بازی کو بریفنگ دینا، ڈائریکٹریٹ برانچز سے معلومات جمع کرنا اور درست معلومات کی فراہمی بھی کمیٹی کی ذمہ داری ہوگی۔
قبل ازیں حکومت نے گزشتہ برس کے آخری روز (31 دسمبر کو) اسلام آباد، لاہور اور کراچی ائیرپورٹس کو انٹرنیشنل آپریٹرز کے ذریعے چلانے کا فیصلہ کیا تاکہ ملک میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کی جاسکے۔
پہلے مرحلے میں اسلام آباد، لاہور اور کراچی ائیرپورٹس کو انٹرنیشنل آپریٹرز کے ذریعے چلانے کا فیصلہ کیا گیا جو ائیرپورٹس چلانے میں معاونت کریں گے جس کی مدت 20 سے 25 سال ہوگی۔ عالمی آپریٹرز ادارے چلانے میں مدد فراہم کریں گے۔