لورالائی: محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 7 دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے جبکہ 3 جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے لورالائی، کوہار ڈیم میں چھاپہ مار آپریشن کیا جس کے دوران ملزمان سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
دونوں جانب سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا، دہشت گرد گروہ کے 3 ساتھی جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے جس پر سی ٹی ڈی کی ٹیم نے سرچ آپریشن شروع کردیا۔
سی ٹی ڈی کا دہشت گردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے جس کے دوران دہشت گردوں کے کمپاؤنڈ سے اسلحہ اور بارود برآمد ہوا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ آپریشن کا مقصد دہشت گردی کا خاتمہ ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل کوئٹہ میں محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کی ہے، انسدادِ دہشت گردی آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
سی ٹی ڈی نے گزشتہ ماہ یہ آپریشن کوئٹہ میں ہزار گنجی کے علاقے میں کیا۔ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارود برآمد کر لیا گیا۔ہلاک کیے گئے دہشت گرد ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
اس حوالے سے سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن خفیہ اطلاع پر کیا گیا۔ ہزار گنجی میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے، انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
مزید پڑھیں: کوئٹہ، ہزار گنجی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے