لکی مروت، سکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرانے سے 7اہلکار شہید

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

سکیورٹی فورسز کی گاڑی
(فوٹو: آئی ایس پی آر)

پشاور: صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے جاٹکرائی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے کیپٹن سمیت 7  جوان شہید ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے کیپٹن سمیت 7جوان شہید ہوئے جن میں کیپٹن محمد فراز الیاس، صوبیدار میجر محمد نذیر، لانس نائیک محمد انور، لانس نائیک حسین علی، سپاہی اسد اللہ، منظور حسین اور راشد محمود شامل ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔کیپٹن محمد فراز الیاس نے 2020 میں آرمی کی ناردرن لائٹ انفنٹری میں کمیشن حاصل کیا تھا جن کے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ  صوبیدار میجر محمد نذیر شہید کا تعلق ضلع اسکردو سے ہے، انہوں نے 31 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا، صوبیدار میجر محمد نذیر شہید نے سوگواران میں اہلیہ، 2 بیٹے اور 5 بیٹیاں چھوڑیں۔لانس نائیک حسین علی خان شہید کا تعلق ضلع غذر سے ہے جو 14سال فوج میں رہے۔  سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق سپاہی منظور شہید کا تعلق ضلع گلگت سے ہے، شہید نے پاکستان آرمی میں 6 سال تک دفاع وطن کیلئے خدمات سرانجام دیں اور انہوں نے سوگواران میں اہلیہ اور3 بیٹیاں چھوڑیں۔ لانس نائیک محمد انور شہید کا تعلق ضلع گانچھے سے ہے جو 13سال تک پاک فوج میں رہے اور سوگواران میں اہلیہ، دو بیٹیاں اور دو بیٹے چھوڑے۔

بیان کے مطابق سپاہی اسد اللہ شہید کا تعلق ملتان سے ہے، سپاہی اسد اللہ شہید نے پاکستان آرمی میں 14 سال تک ملکی دفاع کے فرائض سرانجام دیے، انہوں نے سوگواران میں اہلیہ اور ایک بیٹا چھوڑا۔ سپاہی راشد محمود شہید کا تعلق راولپنڈی سے ہے، جو پاک فوج میں 13سال تک رہے اور انہوں نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے۔

Related Posts