کوئٹہ: تربت کے علاقے سیٹلائیٹ ٹاؤن میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 6 مزدور جان کی بازی ہارگئے جبکہ 2 زخمی ہوئے ہیں۔
تعمیراتی کمپنی میں کام کرنے والے مزدور کرائے کے کوارٹر میں سورہے تھے جب دو موٹرسائیکلوں پر سوار افراد آئے اور ان پرفائرنگ کرنے کے بعد فرار ہوگئے، فائرنگ کے نتیجے میں 6 مزدور موقع پر دم توڑ گئے جبکہ دو زخمی ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
اسرائیلی فورسز ٹینک لے کر لاکھوں فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کیلئے غزہ میں داخل
پولیس کے مطابق تربت فائرنگ واقعے میں جاں بحق افراد کی شناخت رضوان، شہباز، وسیم، شفیق احمد، محمد نعیم اور سکندر کے نام سے ہوئی جبکہ فائرنگ سے زخمی افراد میں غلام مصطفیٰ اور توحید شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے مزدوروں کا تعلق پنجاب سے ہے، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔
دوسری جانب نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی نے تربت میں بے گناہ مزدوروں کے قتل کانوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی۔
نگران وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ قابل مذمت ہے، بے گناہ مزدوروں کے قتل پر دلی دکھ ہوا ، واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر کے فوری رپورٹ پیش کی جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ واقعہ میں ملوث عناصر کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔