دنیا کے 4 ممالک نے برطانوی کورونا ویکسین ایسٹرا زینیکا کا استعمال ترک کردیا ہے جس کی وجہ ویکسین صارفین میں خون جمنے کے واقعات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ناروے میں برطانوی کورونا ویکسین ایسٹرازینیکا کا استعمال جاری تھا جس کے نتیجے میں ویکسین استعمال کرنے والے بعض افراد کے جسم میں خون کی پھٹکیاں بننا شروع ہو گئیں۔
ویکسین کے منفی اثرات سامنے آنے کے بعد مجموعی طور پر 4 ممالک نے برطانوی کورونا ویکسین کا استعمال ترک کردیا ہے جن میں ڈنمارک، آئس لینڈ، اٹلی اور آئر لینڈ شامل ہیں۔ سب سے آخر میں برطانوی ویکسین کا استعمال آئر لینڈ نے ترک کیا۔
برطانیہ کی بنائی ہوئی کورونا ویکسین ایسٹرازینیکا کو 30 لاکھ افراد کو استعمال کرایا گیا جن میں سے 22 افراد کو خون کی پھٹکیاں بننے کی شکایت درپیش رہی جس پر برطانوی حکام کا کہنا تھا کہ ہماری کورونا ویکسین محفوظ اور مؤثر ہے۔
عالمی ادارۂ صحت نے بھی برطانوی حکومت کی ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے بیان جاری کیا کہ برطانوی کورونا ویکسین ایسٹرازینیکا کا استعمال ترک کرنا ایک غیر ضروری اقدام ہوگا جس کی کوئی وجہ نہیں۔
دوسری جانب یورپی طبی ادارے (یورپین میڈیسن ایجنسی) کا کہنا ہے کہ برطانوی کورونا ویکسین کے فوائد ممکنہ نقصانات سے زائد ہیں۔ خون جمنے کے کیسز پر تحقیقات کی جارہی ہیں۔ ویکسین کا استعمال جاری رکھا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یو ٹیوب نے کورونا ویکسین کے خلاف 30 ہزارگمراہ کن ویڈیوز ہٹا دیں