کراچی: نئے سال کی رات کراچی میں مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے واقعات پیش آئے، جن کے نتیجے میں 29 افراد زخمی ہو گئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
ہوائی فائرنگ کے یہ واقعات شہر کے مختلف علاقوں میں پیش آئے، جن میں لیاقت آباد، طارق روڈ، شاہ فیصل، اورنگی ٹاؤن، گلشنِ اقبال، عزیز آباد اور کورنگی شامل ہیں۔
لیاقت آباد میں ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے جبکہ طارق روڈ اور شاہ فیصل میں خواتین سمیت دو افراد زخمی ہوئے۔اورنگی ٹاؤن اور گلشنِ اقبال میں بھی دو افراد زخمی ہوئے۔ عزیز آباد میں نئے سال کی رات ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں ایک بچہ زخمی ہوگیا۔
سندھ کے تعلیمی ادارے کل سے کھلیں گے یا چھٹیوں میں توسیع کردی گئی؟
گلزارِ ہجری اور کورنگی نمبر 6 میں گولی لگنے کے تین مزید واقعات رپورٹ ہوئے۔لیاری اور آرام باغ میں تین افراد، جبکہ آگرا تاج، ملیر کالا بورڈ، ٹیپو سلطان، فیروز آباد، اور الفلاح دستگیر میں دو، دو افراد زخمی ہوئے۔
ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔ حکام نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ آئندہ ایسے خطرناک اقدامات سے گریز کریں تاکہ تقریبات کے دوران عوام کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
اس سے قبل اے آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے 2025 کے نئے سال کی تقریبات کے دوران ہوائی فائرنگ کی منصوبہ بندی کرنے والے شہریوں کو خبردار کیا تھا۔
جاوید عالم اوڈھو نے خبردار کیا کہ نئے سال کی رات ہونے والی ہوائی فائرنگ کے واقعات پر قتل کی کوشش کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔