عمران خان اور شاہد آفریدی کا کرکٹ کیریئر، کون زیادہ بہتر؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Cricket career of Imran Khan and Shahid Afridi

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کو سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کے بعد پی ٹی آئی سپورٹرز نے نشانے پر رکھا ہوا ہے ، سابق وفاقی وزیرفواد چوہدری نے بھی شاہد آفریدی پر تنقید کرتے ہوئے انہیں بیوقوف قرار دیا ہے۔
پی ٹی آئی سپورٹرز کی جانب سے شاہد آفریدی کے کرکٹ کیریئر پر بھی سوال اٹھائے جارہے ہیں، آیئے عمران خان اور شاہد آفریدی کے کرکٹ کیریئر پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

شاہد آفریدی
یکم مارچ 1977 کو پیدا ہونیوالے صاحبزادہ محمد شاہد خان آفریدی کو پاکستان کرکٹ میں سب سے زیادہ شہرت حاصل کرنیوالا کھلاڑی کہا جاسکتا ہے۔ بوم بوم آفریدی کے نام سے مشہور لالہ نے 1996 میں مشتاق احمد کی جگہ بطور لیگ اسپنر قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے تیز تیرین سنچری بناکر پوری دنیا کی توجہ حاصل کی اور پورے کیریئر میں انہیں باؤلر کے بجائے ایک جارحانہ بلے باز کے طور پر دیکھا گیا تاہم انہوں نے اپنی گیند بازی سے شائقین کو بھرپور محظوظ کیا۔

ٹیسٹ کیریئر
شاہد آفریدی نے 27 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 48 اننگز میں 36 اعشاریہ51 رنز کی اوسط سے 1716 رنز بنائے جس میں 5 سنچریاں اور 5 نصف سنچریاں شامل تھیں اور ٹیسٹ میچوں میں انہوں نے 52 چھکے اور 220 چوکے لگائے جبکہ ٹیسٹ میچز میں انہوں نے 48 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

ایک روزہ کیریئر
ون ڈے میچز میں شاہد آفریدی نے 398 میچز میں 23اعشاریہ 58کی اوسط سے 6 سنچریوں اور 39 نصف سنچریوں کی مدد سے 8 ہزار 64 رنز بنائے۔ ایک روزہ میچوں میں 351 فلک شگاف چھکے اور 729 چوکے بھی ان کے کھاتے میں ہیں جبکہ باؤلنگ میں انہوں نے 395 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

ٹی ٹوئنٹی
قومی ٹیم کیلئے شاہد آفریدی نے 99 ٹی ٹوئنٹی میچز میں حصہ لیا اور 91 اننگز میں 4 نصف سنچریوں کی مدد سے 73 بلند و بالا چھکوں اور 103 چوکوں کی مدد سے 17 اعشاریہ 92 کی اوسط سے 1416 رنز بنانے کے علاوہ 98 وکٹیں بھی حاصل کی۔

عمران خان
عمران احمد خان نیازی 5 اکتوبر 1952 کو لاہور میں پیدا ہوئے، انہوں نے انگلینڈ کیخلاف 1971 میں ٹیسٹ سیریز سے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز کیااور 1992 میں پاکستان کو ورلڈکپ کا فاتح بنانے کے بعد کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی۔

ٹیسٹ کیریئر
عمران خان نے بطور آل راؤنڈر 88 ٹیسٹ میچز کھیلے، انہوں نے 88 ٹیسٹ میچوں کی 126 اننگز میں 3807 رنز بنائے، عمران خان کے ٹیسٹ کیریئر میں 6 سنچریاں اور 18 نصف سنچریاں شامل تھیں۔ انہوں نے 88 ٹیسٹ میچز میں 362 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

ایک روزہ کیریئر
عمران خان نے 175 ون ڈےمیچز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور ایک سنچری اور 19 نصف سنچریوں کی مدد سے 3709 رنز بنائے جبکہ 182 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

حاصل کلام
یہ حقیقت ہے کہ پاکستان کرکٹ میں شاہد آفریدی جیسی شہرت کسی دوسرے کھلاڑی کو نصیب نہیں ہوئی ان کی خدمات پاکستان کیلئے ہمیشہ یاد رکھی جائینگی اور عمران خان کی کرکٹ کے میدان میں پاکستان کیلئے خدمات اور فتوحات کا کوئی ثانی نہیں ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ عمران خان کے سپورٹرز ہوں یا شاہد آفریدی کے مداح سب کو ایک دوسرے کی رائے کا احترام کرنا چاہیے اور کسی کی ذات کو نشانہ بنانے کے بجائے قومی ہیروز کی عزت برقرار رکھی جائے۔

Related Posts