زلفی بخاری کا بلاول بھٹو کے خلاف 100 ملین پاؤنڈ کا ہتک عزت کا دعویٰ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد :پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے خلاف 100 ملین پاؤنڈ کا ہتک عزت کا دعویٰ کردیا۔

وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا کہ قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد حالیہ غیر ذمہ دارانہ تبصرے پر بلاول کے خلاف ہتک عزت کی کارروائی کا فیصلہ کیا۔

زلفی بخاری نے کہا کہ بلاول بھٹو اپنے بیان کو واپس لیتے ہوئے غلطی تسلیم کریں اور میڈیا کے سامنے معافی مانگیں۔

زلفی بخاری کے مبینہ دورہ اسرائیل کی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے بلاول نے کہا تھا کہ رات کے اندھیروں میں ہونے والے معاملات پر تشویش ہے۔

واضح رہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے زلفی بخاری کے مبینہ دورہ اسرائیل کا معاملہ اٹھایا تھا جبکہ دفترِ خارجہ نے سابق معاونِ خصوصی زلفی بخاری کے دورۂ اسرائیل سے متعلق افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھاکہ ایسا کوئی دورہ نہیں کیا گیا۔

مزید پڑھیں:پاکستان میں امن افغانستان میں مفاہمت سے مشروط ہے، شیخ رشید

ترجمان دفتر خارجہ نے سابق معاونِ خصوصی کے مبینہ دورہ اسرائیل پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زلفی بخاری کے دورہ اسرائیل کی خبریں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔ انہوں نے اسرائیل کا دورہ نہیں کیا۔

قبل ازیں ترجمان دفتر خارجہ نے 18 دسمبر 2020 کوبھی ایسی افواہوں کو بے بنیاد قرار دے دیا تھا،ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کے معاملے پر پاکستان کے اصولی مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، ہماری پالیسی دوٹوک ہے۔