بلدیاتی اداروں میں مافیا کو سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈ کے اقدامات سے تکلیف ہے۔ضمیر عباسی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈ کرپشن کو بے نقاب کرنے میں پیش پیش ہے۔ضمیر عباسی
سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈ کرپشن کو بے نقاب کرنے میں پیش پیش ہے۔ضمیر عباسی

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: سیکریٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ ضمیر عباسی نے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں میں موجود مافیا کو سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈ کے اقدامات سے تکلیف ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ 3 ماہ سے سندھ لوکل گونمنٹ بورڈ کے متحرک ہونے کے بعد اس کے احکامات اور اقدامات کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے  جنہیں بلدیاتی ملازمین و افسران غیر قانونی اور اختیارات سے تجاوز سمجھتے ہیں تاہم ایسے سخت اقدامات سے بلدیاتی اداروں میں قابض مافیا نما افسران کی اجارہ داری کا خاتمہ بھی ہوا ہے۔

 گزشتہ ایک ماہ سے سیکریٹری سندھ لوکل گونمنٹ بورڈ بلدیاتی افسران کے ساتھ بعض ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی بھی تنقید کی زد میں ہیں ، اس حوالے سے سیکریٹری لوکل گونمنٹ بورڈ ضمیر احمد عباسی  کا کہنا ہے کہ سندھ لوکل گونمنٹ بورڈ اپنے دائرۂ اختیار میں کام کر رہا ہے اور بورڈ کو کسی بھی ملازم سے جعلی تقرری ، پروموشن ، یا بدعنوانی پر تفتیش کا اختیار ہے۔ 

سیکریٹری سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈ  ضمیر عباسی نے کہا کہ یہ اختیار شاید اس سے قبل کسی نے استعمال نہیں کیا ہوگا اس لیے سب کو حیرت ہو رہی ہے۔میں کمیشنڈ سرکاری ملازم ہوں۔میری ملازمت پر الزامات بے بنیاد ہیں۔ میں نے معطل یا برخاست ہونے والے افسر یا ملازم کو کبھی بحال نہیں کیا۔

ضمیر عباسی نے بتایا کہ میں نے جس کے بھی خلاف کارروائی کی ہے وہ غیر قانونی اقدامات اور کرپشن میں ملوث ہونے والوں کے خلاف کی۔ اگر میں نے کوئی غلط کاروائی کی ہے تو وہ عدالت میں کیوں نہیں جاتے؟ میں نے ڈی ایم سی ، کے ایم سی ، اور صوبے کی دیگر کونسلوں میں مافیا کو بے نقاب کیا ہے۔

پروپیگنڈے کے بارے میں ضمیر عباسی نے کہا کہ کچھ غیر قانونی ملازمین میرے خلاف پروپیگنڈا کرنا چاہتے ہیں تاکہ انہیں پریشان نہ کیا جائے۔ غیر قانونی طور پرایک ادارے سے دوسرے ادارے میں جذب شدہ ، غیر قانونی تقرری ،بےقاعدہ تعینات کردہ ملازمین کا ایک گروپ ہر دور میں غیر قانونی اور من مانے اقدامات سے اداروں کو نقصان پہنچاتا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے افسران کے بگڑے ہوئے اقدامات کو درست کر رہا ہوں، ایسے افسران کے گروپ جو مافیا بن گئے ہیں وہ سرکاری احکامات کے خلاف مزاحمت کر کے سرکاری رٹ کو سبوتاژ نہ کریں۔بلدیاتی اداروں کا ایک بھی ملازم ایسا نہیں ہے جو یہ کہہ سکے کہ اس نے ہمیں کوئی نذرانہ دیا ہو یا اس سے کوئی فائدہ لیا ہو۔

قانون کی پاسداری کے حوالے سے ضمیر عباسی نے کہا کہ کہ میرے اقدامات و احکامات قانون پر عمل در آمد کرانے کے لیے ہیں ، میرا دل مطمئن ہے کہ میں بلدیاتی اداروں کو درست سمت میں لے جانے کی کوشش کر رہا ہوں۔اگر یہ ادارے درست سمت میں چل پڑے تو سندھ کے بلدیاتی مسائل حل ہونا شروع ہو جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ میرے اقدمات کی مخالفت کر رہے ہیں وہ شاید بلدیاتی مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں ہیں،جس دن مجھ پر بے جا تنقید کرنے والوں نے اس شہر سمیت سندھ کے عوامی بلدیاتی مسائل کے حل میں سنجیدگی کا مظاہرہ کیا اس دن میرے اقدمات پر کوئی شکایت کرنے والا نہیں ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں:  کرپشن پر نظر رکھنے والے بھی رشوت وصولی میں مصروف 

Related Posts