اسلام آباد: سابق پاکستانی سفیر کی بیٹی نور مقدم کے قتل کے کیس میں ملزم ظاہر جعفر کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نور مقدم قتل کیس میں ملزم ظاہر جعفر کو2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر آج ماڈل ٹرائل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
قبل ازیں اسلام آباد پولیس ملزم کا مجموعی طور پر 12 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرچکی ہے۔ عدالت میں پیشی کے موقعے پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
بعد ازاں عدالت نے پولیس کی درخواست پرملزم کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور کرتے ہوئے 16 اگست کو دوبارہ پیشی کا حکم دیا۔ بعد ازاں ملزم کو اڈیالہ جیل راولپنڈی منتقل کردیا گیا۔
قبل ازیں عدالت نے نور مقدم قتل کیس کے ملزم ظاہر جعفر کو 2 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ عدالت نے ملزم کو دوبارہ 02 اگست کو پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔
مقتولہ نور مقدم کے والدین کے وکیل شاہ خاور نے 31 جولائی کو عدالت سے ملزم کی 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی تھی۔ وکیل شاہ خاور کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے کچھ ایسی چیزیں اور مزید کردار سامنے آئے، جن کی تحقیقات کیلئے ملزم کا جسمانی ریمانڈ بہت ضروری ہے۔
مزید پڑھیں: نور مقدم قتل کیس، ملزم ظاہر جعفر مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے