کراچی: 6ماہ پہلے محبت کی شادی کرنے والا نوجوان مسجد کی دہلیز پر قتل

تازہ ترین

تازہ ترین

محبت کی شادی
(فوٹو: آن لائن)

کراچی میں 6ماہ پہلے محبت کی شادی کرنے والے نوجوان کو مسجد کی دہلیز پر گھات لگا کر قتل کردیا گیا۔ نارتھ کراچی سیکٹر 5 سی ون میں ہونے والی فائرنگ سے متأثرہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ خواجہ اجمیر نگری کی حدود میں فاروق اعظم مسجد کی دہلیز پر جمعہ کی صبح نماز فجر کے وقت گھات لگائے موٹر سائیکل ملزمان نے فائرنگ کرکے نمازی نوجوان کو قتل کردیا۔ فائرنگ سے جاں بحق نوجوان کی لاش ہسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق جاں بحق شخص 32سالہ ریحان ولد غلام نبی کا قتل ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے، نوجوان کو سر پر گولی مار کر قتل کیا گیا، جو سیکٹر 5سی 1 رحمانیہ موڑ کے قریب رہائش پذیر تھا اور 6ماہ قبل ہی پسند کی شادی کی تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ مقتول نے جس خاتون سے شادی کی تھی، وہ اس کی بچپن کی محبت تھی، لیکن اس کے گھر والے اس کی شادی پہلے ہی کسی دوسرے شخص سے کرچکے تھے اور خاتون کا پہلے شوہر سے ایک 12 سالہ بیٹا بھی ہے۔ پھر بھی خاتون نے پہلے شوہر سے طلاق لے کر مقتول سے شادی کرلی۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتول فجر کی نماز پڑھ کر مسجد کے گیٹ سے باہر آرہا تھا جب فائرنگ ہوئی، ملزمان فائرنگ کرکے فرار ہوگئے، پولیس افسران کو شک ہے کہ ریحان کو خاتون کے پہلے شوہر نے قتل کیا ہے، تاہم واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے۔

Related Posts