وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کو 2029 تک مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے مکمل طور پر ہم آہنگ بنانے کا ہدف مقرر کردیا ہے جسکے لیے حکومت نے عملی اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسی سلسلے میں صوبائی مشیر علی مصطفیٰ ڈار نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے ملاقات کی جس میں پنجاب اے آئی وژن 2029 کے باضابطہ آغاز سے متعلق مشاورت کی گئی اور منصوبے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے دوران علی مصطفیٰ ڈار نے وزیراعلیٰ کو گزشتہ دو ماہ کے دوران اے آئی آفس کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہیں پنجاب کے پہلے مصنوعی ذہانت سے فعال ڈیلیوری یونٹ کے قیام سے متعلق پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔
صوبائی مشیر نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ پنجاب کے مصنوعی ذہانت کے ایجنڈے پر عملدرآمد کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جبکہ ماہرین کی معاونت سے متعلقہ عملے کی تربیت اور شمولیت کے لیے ایک آن بورڈنگ پروگرام بھی تیار کیا گیا ہے۔
اجلاس میں پنجاب کو اے آئی سے ہم آہنگ صوبہ بنانے کے وژن پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ مستقبل میں اس منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے حکمت عملی اور آئندہ کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ کو پنجاب اے آئی وژن 2029 کے چھ بنیادی ستونوں کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں مصنوعی ذہانت کے مختلف شعبوں میں استعمال اور اس کے دائرہ کار پر گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے مؤثر استعمال کے ذریعے پنجاب میں سرکاری خدمات، طرز حکمرانی اور عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے نظام کو مزید بہتر اور موثر بنایا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








