وفاق المدارس رہنماؤں کا سرکاری اہلکاروں کو مدارس کوائف نہ دینے کا فیصلہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

دینی مدارس قوم میں شرح خواندگی بڑھانے میں مثالی کردار ادا کر رہے ہیں، مفت تعلیم کی فراہمی کا اتنا بڑا نیٹ ورک دنیا بھر میں کہیں نہیں، مدارس کی ان خدمات کا اعتراف کرنے کے بجائے کوائف طلبی اور دیگر حربوں کے ذریعے اہل مدارس کو مسلسل ہراساں اور پریشان کیا جارہا ہے، یہ رویہ سراسر قابل مذمت ہے، حکومت مدارس کی قیادت کے ساتھ کئے گئے معاہدے پورے کرے، وفاق المدارس کے زیر اہتمام 30 جنوری کو فیصل مسجد اسلام آباد میں ہونے والے ملکی سطح کے مقابلہ حفظ قرآن کریم کی کامیابی کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار جامعہ دارالھدی میں اسلام آباد غربی کے تمام مدارس کے مہتممین اور ذمہ داروں کے ایک بھرپور اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاق المدارس اسلام آباد غربی کے مسوول مولانا مفتی عبدالسلام،وفاق المدارس اسلام آباد شرقی کے مسوول مولانا عبدالغفار،مولانا محمد ادریس،مفتی محمد منصور احمد،مولانا عبدالرحیم،مولانا طاہر احمد کرکی،مفتی فیضان احمد،مفتی محمد عبداللہ، مفتی محمد ابوبکر، مولانا غلام محمد جاوید اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

یہ بھی پڑھیں:

جامعہ بنوریہ میں بین الاقوامی مقابلہ حفظ و قرات، 74 ممالک، مختلف مکاتب فکر کے طلبہ کی شرکت

علمائے کرام نے حالیہ دنوں میں سرکاری اہلکاروں کی طرف سے مختلف مدارس میں جا کر لسٹیں اور کوائف طلب کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تنظیمات مدارس اور حکومت کے درمیان اصولی باتیں اور طریقہ کار طے ہونے کے بعد بھی اس طرح کا رویہ سمجھ سے بالاتر ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کسی اہلکار کو براہ راست کوئی مدرسہ کوائف فراہم نہیں کرے گا، مدارس کی قیادت اور حکومتی فیصلے کے مطابق متفقہ اتھارٹی کے ساتھ ہر طرح کا تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں لیکن معاہدوں کی خلاف ورزی کسی صورت قابل قبول نہیں۔

اجلاس کے دوران شرکاء میں وفاقہائے مدارس اور حکومت کے درمیان ہونے والے معاہدوں کی کاپیاں بھی تقسیم کی گئیں، مدارس کے مہتممین اور ذمہ داروں نے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی قیادت کی طرف سے ملک بھر میں حفظ قرآن کریم مع تجوید کے مقابلوں کے انعقاد کو خوب سراہا اور 30 جنوری کو فیصل مسجد اسلام آباد میں منعقد ہونے والے فائنل مقابلے کی کامیابی کے لئے تمامتر توانائیاں صرف کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور اسلام آباد کی سطح پر مدارس کے طلبہ کے درمیان اس طرح کے مسابقوں کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا۔

اجلاس میں مولانا سعید الرحمن، مولانا عبدالرؤف، مولانا ظہور احمد صدیقی، مولانا حبیب الرحمان، مولانا سلیم اللہ، مولانا پیر خطیب الرحمن قریشی اور دیگر علمائے کرام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

Related Posts