وفاق المدارس کا سالانہ امتحان کے نتائج کا اعلان، کامیابی کا تناسب 82 فیصد سے زائد

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے سالانہ امتحان 1444 ھ مطابق 2023ء کے نتائج کا اعلان کر دیا، نتائج کا اعلان وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد تقی عثمانی اور ناظم اعلیٰ وفاق المدارس شیخ الحدیث مولانا محمد حنیف جالندھری نے دارالعلوم کراچی میں کیا۔
سالانہ امتحانات کے لئے مجموعی طور پر 519326 طلبہ وطالبات کا داخلہ موصول ہوا، جن میں سے 500116 نے شرکت کی۔ 410909 پاس ہوئے اور 89207 نا کام ہوئے ۔ کامیابی کا تناسب 82.2 فیصد رہا۔ درجہ کتب کے طلبہ وطالبات کی تعداد 421208 تھی جس میں سے 407492 نے شرکت کی ، ان شرکاء میں سے 323951 کامیاب اور 83541 ناکام ہوئے ۔ درجہ حفظ کے طلبہ وطالبات کی تعداد 98118 تھی، جس میں سے 92624 نے شرکت کی ، ان شرکاء میں 86958 کامیاب اور 5666 ناکام ہوئے۔ 
طلبہ میں سے درجہ عالمیہ سال دوم ( ایم اے پارٹ 2 ) میں جامعہ دارالعلوم کراچی کے محمد اسامہ فاروق نے ملکی سطح پر اول ،جامعہ علوم اسلامیہ بنوری ٹاؤن کراچی کے محمد بلال نے دوم جبکہ جامعہ علوم اسلامیہ بنوری ٹاؤن کراچی کے محمد ارشاد نے سوم پوزیشن حاصل کی۔

عالمیہ سال اول ( ایم اے پارٹ 1 ) میں جامعہ بیت السلام چکوال کے عمار معیز نے اول،جامعہ عثمانیہ پشاور کے محمد عثمان نے دوم جبکہ جامعہ دارالعلوم کراچی کے محمد سفیان نے سوم پوزیشن حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں:

رمضان کے دوران حرمین شریفین میں قرآن کریم کے مزید ڈیڑھ لاکھ نسخے رکھے جائیں گے

طالبات میں درجہ عالمیہ سال دوم میں جامعہ خدیجہ الکبری محمدعلی سوسائٹی کراچی کی سمیہ کوثر نے ملکی سطح پر اول ، جامعہ دارالتقوی لاہور کی ایمن نے دوم اور جامعہ عثمانیہ پشاور کی ماریہ محمود نے سوم پوزیشن حاصل کی۔ درجہ عالمیہ سال اول میں مدرسہ دار البشائر للبنات وهنی بخش بروہی گوٹھ کراچی کی ناعمہ نے اول ، جامعہ عثمانیہ پشاور کی حنا نے دوم اور جامعہ خدیجۃ الکبری محمدعلی سوسائٹی کراچی رملہ سلمان نے سوم پوزیشن حاصل کی۔

صدر اور ناظم اعلیٰ وفاق المدارس نے نتائج کو شاندار قرار دیتے ہوئے کامیاب ہونے والے تمام طلبہ و طالبات اور خاص طور پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے مدارس و جامعات اور طلبہ و طالبات کو مبارک باد پیش کی اور ان کی مزید ترقی اور کامیابی کے لئے دعا کی۔