کراچی کے پوش علاقے کلفٹن میں سی ویو کے قریب واقع ایک رہائشی عمارت کی پارکنگ میں کھڑی گاڑی سے ایک مرد اور ایک خاتون کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی درخشاں تھانے کی پولیس موقع پر پہنچی اور فوری طور پر کرائم سین یونٹ کو طلب کرکے شواہد اکٹھے کیے گئے۔
پولیس کے مطابق دونوں لاشیں ایک سفید رنگ کی پراڈو گاڑی سے برآمد ہوئیں جو سی ویو اپارٹمنٹ بلاک 28 کی پارکنگ میں کھڑی تھی۔ گاڑی اندر سے مکمل بند تھی اور دونوں افراد بے ہوش حالت میں پائے گئے۔
ایس ایچ او درخشاں شاہد تاج کے مطابق مرد کی شناخت شہباز ملک کے نام سے ہوئی ہے جو کہ ریٹائرڈ سرکاری ملازم تھے تاہم خاتون کی شناخت تاحال ممکن نہیں ہو سکی اور اس سلسلے میں کوششیں جاری ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موت کی وجوہات تاحال غیر واضح ہیں تاہم ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ گاڑی کے اندر گیس بھرنے کے باعث دم گھٹنے سے دونوں افراد جاں بحق ہوئے ہوں گے۔ اصل حقائق کا تعین فرانزک رپورٹ اور مزید تفتیش کے بعد کیا جائے گا۔
اس وقت یہ بھی معلوم نہیں ہو سکا کہ دونوں افراد کا آپس میں کیا تعلق تھا۔ پولیس نے مختلف زاویوں سے تفتیش شروع کر دی ہے اور واقعے کو مکمل طور پر شفاف انداز میں جانچنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔













گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








