کراچی پولیس نے گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کی حفاظت کے لیے بغدادی تھانے اور اس کے اطراف میں سیکیورٹی کو مکمل طور پر ہائی الرٹ کر دیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمہ کی جان کو لاحق ممکنہ خطرات کے پیش نظر ایک خصوصی سیکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت ایک ایس پی، دو ایس ڈی پی اوز اور تین ایس ایچ اوز سمیت 40 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ نفری کو دو شفٹوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلی شفٹ صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک جبکہ دوسری رات 8 بجے سے صبح 8 بجے تک ڈیوٹی انجام دے گی۔
سیکیورٹی انتظامات کے تحت لیڈی پولیس اہلکاروں کی 24 گھنٹے موجودگی کو یقینی بنایا گیا ہے، جبکہ لاک اپ اور اطراف کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے لمحہ بہ لمحہ نگرانی جاری ہے۔ حکام کے مطابق ممکنہ خطرات کے پیش نظر لاک اپ کی چھتوں پر اسنائپرز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
پولیس نے ہدایت کی ہے کہ ملزمہ کو عدالت منتقل کرتے وقت انتہائی سخت سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے، اور خصوصی موبائل اسکواڈ بھی اس موقع پر تعینات ہوگا۔ ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو براہ راست ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔
حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی غفلت یا نفری میں کمی کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جائے گا۔ ملزمہ کو فراہم کیے جانے والے کھانے کی بھی مکمل چیکنگ کی جا رہی ہے۔
ایس پی لیاری سب ڈویژن کو عدالت منتقلی آپریشن کی نگرانی سونپی گئی ہے، جبکہ ایس ڈی پی او بغدادی اور رسالہ کو موبائل اسکواڈ کے ساتھ کمانڈ دی گئی ہے۔ ایس ایچ او بغدادی، رسالہ اور گارڈن کو گراؤنڈ انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے فوری رسپانس ٹیمیں بھی الرٹ کر دی گئی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








