گزشتہ 5 دہائیوں کے دوران اداکاروں اور فلم سازوں کے ساتھ ساتھ ٹاک شو کے میزبان بھی امریکا میں سب سے زیادہ بااثر لوگوں میں شامل ہوگئے ہیں۔
ان پرائم ٹائم ٹاک شوز کا اثر و رسوخ اور پہنچ اتنی زیادہ ہے کہ ان کی قیادت کرنے والے چہرے اپنی خودساختہ سلطنتیں بنا لیتے ہیں۔
ان میں کچھ ایسے بھی ہیں جنہوں نے ایک غریب گھرانے میں آنکھ کھولی لیکن پھر اپنی زندگی میں اس مقام تک پہنچ گئے جہاں انہیں امریکا کے سب سے امیر ترین افراد میں شمار کیا جانے لگا۔
دنیا کی امیر ترین ٹاک شو میزبان
دنیا کی امیر ترین ٹاک شو کی میزبان وہ شخصیت ہے جن کا نام آپ نے کبھی نہ کبھی سن رکھا ہوگا، وہ اوپرا ونفرے ہیں۔
فوربس کے مطابق ایک صحافی سے اداکارہ بننے والی ٹاک شو آئیکون کی مجموعی دولت 3 ارب ڈالر ہے۔
فوبز کی سال 2025 کے لیے ارب پتی افراد کی فہرست میں اوپرا کو دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں 1219 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے، جس میں میڈیا اور انٹرٹینمنٹ دنیا میں سرفہرست 50 دیگر افراد بھی شامل ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دنیا کے کسی بھی دوسرے پرائم ٹائم ٹاک شو میزبان کے پاس اوپرا کی دولت کے مقابلے میں ایک چھٹا حصہ بھی نہیں ہے۔
جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ وہ میڈیا ایمپائر بنانے کے لیے اپنے کامیاب کیریئر کا فائدہ اٹھانے میں کتنی کامیاب رہی ہیں۔
اوپرا کی دولت اس قدر زیادہ ہے کہ دنیا کے کچھ کامیاب ترین اداکار بھی اس کے قریب تک نہیں پہنچ سکے، اس بات کا اندازہ کچھ یوں لگائیں کہ دنیا کے تین امیر ترین مین اسٹریم اداکاروں – ٹام کروز، ڈوین جانسن اور شاہ رخ خان – کی مجموعی دولت تقریباً 2.3 ارب ڈالر ہے، جو اوپرا کی اکیلے کی دولت سے بہت کم ہے۔
اوپرا نے اربوں کی دولت کیسے کمائی؟
اوپرا 70 کی دہائی کے وسط سے لے کر 80 کی دہائی کے وسط تک ایک ٹی وی نیوز اینکر تھیں، جس کے بعد وہ شکاگو منتقل ہوگئیں اور اپنا پرائم ٹائم شو حاصل کیا۔
1985 میں اسٹیون اسپیلبرگ کی دی کلر پرپل میں ان کی شمولیت نے ان کی اہمیت میں اضافہ کیا اور انہوں نے آسکر نامزدگی حاصل کی۔
اگلے سال اوپرا ونفرے شو آن ایئر ہوا اور 2011 تک نشر ہوتا رہا، 80 کی دہائی کے اوآخر سے لے کر اس وقت تک جب اسے روک دیا گیا تک شو ٹی وی ریٹنگ میں مسلسل سرفہرست رہا۔
اوپرا جلد ہی شو میں ایک ایگزیکٹیو پروڈیوسر بن گئی اور خود بھاری منافع کمانے لگیں۔
فوربس کی رپورٹ کے مطابق ‘دوبارہ سرمایہ کاری، ان کے شو سے حاصل ہونے والے منافع کے علاوہ دی کلر پرپل، بیلوڈ اور سیلما (جسے اوپرا کی ہارپو پروڈکشنز نے مل کر پروڈیوس کیا) جیسی فلموں سے حاصل ہونے والے منافع کا تخمینہ 2.5 ارب ڈالر سے زیادہ ہے’۔
اس کے علاوہ اوپرا نے اپنا ٹی وی چینل بھی شروع کیا اور دوسرے کاروبار میں بھی بھاری سرمایہ کاری کی۔
اپنے شو کے ختم ہونے کے بعد بھی اوپرا نے مختلف سنگل ایپی سوڈ یا مختصر مدت کے پروگراموں کے ذریعے اب بھی ٹی وی پر آتی رہتی ہیں۔
فوربس کے مطابق ‘ان کے وسیع و عریض رئیل اسٹیٹ پورٹ فولیو میں کیلیفورنیا میں گھر، بشمول ہوائی میں 2,100 ایکڑ اراضی اور ایک درجن سے زیادہ جائیدادیں شامل ہیں’۔