کراچی میں بادل برسنے سے موسم خوشگوار، ملک کے دیگر شہروں میں بھی بارش کا امکان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج صبح ہلکی پھلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی بارش کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج صبح کے وقت قائد آباد، لانڈھی، کورنگی، ڈیفنس اور شاہراہِ فیصل سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

بارش کے دوران سڑک پر پھسلن کے باعث مختلف علاقوں میں حادثوں کے اکا دکا واقعات بھی ہوئے۔ کورنگی کراسنگ پر موٹر سائیکل پھسل جانے کے باعث بزرگ شہری زخمی ہوگیا۔

محکمۂ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران کراچی میں ہلکی پھلکی بارش کا امکان ظاہر کرتے ہوئے پیشگوئی کی ہے کہ آج شہر کا درجۂ حرارت 29 سے 35 ڈگری کے درمیان ہوگا۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا۔ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، پنجاب اور بالائی کے پی کے میں بارش ہوگی۔

اسلام آباد میں موسم گرم رہے گا تاہم شام کے وقت آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم و خشک رہے گا۔

سبی، کوہلو، چاغی اور دالبندین میں موسم شدید گرم رہے گا۔محکمۂ موسمیات کے مطابق قلات، آوران، لسبیلہ اور بارکھان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ پوٹھوہار، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ اور لاہور میں بارش متوقع ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم و خشک رہے گا۔

خیال رہے کہ اِس سے قبل محکمۂ موسمیات کی جانب سے مون سون بارشوں کی پیش گوئی پر کراچی میں ڈی ایم سی ضلع وسطی نے تمام اشتہارات کی غرض سے لگائے گئے بورڈز اتارنے کے احکامات جاری کردیئے۔

 ڈی ایم سی کے شعبۂ ایڈورٹائزنگ نے گزشتہ روز تمام کمپنیوں اور اداروں کو نوٹسز جاری کردئیے، تاہم ضلع وسطی سمیت شہر بھر سے سائن بورڈ اور ہولڈنگ بورڈز اتارنے کا کام شروع نہ ہوسکا۔

مزید پڑھیں: بارشوں کی پیشگوئی، سائن اور ہولڈنگ بورڈ اتارنے کے احکامات جاری