محکمہ موسمیات پاکستان نے آئندہ چند روز کے دوران ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کی پیش گوئی کی ہے جس کے تحت درجہ حرارت معمول سے چار سے سات ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 15 سے 20 مئی کے دوران سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کا راج رہے گا جہاں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ ہونے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ وسطی و بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کے شہری بھی غیر معمولی حدت سے متاثر ہوں گے، جہاں گرمی کا پارہ 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
اس حوالے سے عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دھوپ میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں، پانی کا استعمال بڑھائیں، اور بزرگ، بچے اور بیمار افراد کا خاص خیال رکھیں۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی شدید گرم اور خشک موسم کی صورتحال برقرار ہے، جہاں سبی میں درجہ حرارت 47، تربت میں 48، نوکنڈی میں 46، جبکہ چمن اور ژوب میں بالترتیب 39 اور 39 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
کوئٹہ 37، قلات 34 اور زیارت میں 28 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت رہا۔
ساحلی علاقوں میں بھی گرمی نے شدت اختیار کر لی ہے، جہاں گوادر میں 41 اور جیوانی میں 37 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں گرمی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے، اس لیے عوام ہیٹ ویو سے بچاؤ کی تدابیر اختیار کریں اور صحت کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔