کوہستان واقعہ،بزدلانہ حملوں کو ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے نہیں دیں گے، بابر اعوان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کوہستان واقعہ،بزدلانہ حملوں کو ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے نہیں دیں گے، بابر اعوان
کوہستان واقعہ،بزدلانہ حملوں کو ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے نہیں دیں گے، بابر اعوان

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد:وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے کوہستان حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدلانہ حملوں کو ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے نہیں دیں گے۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیر صدارت اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ ایک تو یہ بات واضح ہوجائے کہ سی پیک کے تمام منصوبوں کے افراد کو سیکیورٹی دی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ سی پیک ہمارے لیے بہت اہم ہے، شخصیات کے پروٹوکول اور سیکیورٹی میں فرق ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض بیوروکریٹس تو ایسے ہیں جن کا پروٹوکول وزیر اعظم اور چیف جسٹس سے بھی زیادہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آئندہ ہفتے کابینہ میں اہم شخصیات کی سیکیورٹی کا پلان پیش کیا جائے گا، پروٹوکول پر قوم کے ٹیکس کے پیسے لگ رہے ہیں۔بابر اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ایوان سے خطاب اور انٹرویو میں صاف کہہ چکے ہیں کہ امریکا کو اڈے نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نے کہا تھا کہ ہم امن میں ساتھ ہیں جنگ میں ساتھ نہیں۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ داسو ڈیم کے نزدیک کام کرنے والے افراد پر صبح حملہ ہوا ہے جس میں غیر ملکی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہمارے ہوتے ہوئے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے کسی منصوبے کے ورکرز پر حملہ نہیں ہوا۔انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ سے سیکیورٹی صورتحال پر ایوان کو بریفنگ دینے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہاکہ اہم شخصیات کی سیکیورٹی واپس لی جارہی ہے، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی قیادت جس پر بار بار حملے ہوچکے اس سے بھی سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے، اہم شخصیات کی سیکیورٹی واپس لینا نامناسب ہے‘۔

احسن اقبال نے کہا کہ اگر بطور سابق وزیر داخلہ میرے پاس سیکیورٹی نہ ہوتی اور سیکیورٹی اہلکار حملہ آور کو نہ پکڑتے تو نہ جانے کیا ہوتا۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیپلزپارٹی کے سید نوید قمر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کچھ ایسی ہستیاں ہیں جن کو تاریخی پہلو میں دیکھتے ہیں۔

جن میں قائداعظم، علامہ اقبال، ذوالفقار علی بھٹو جیسی شخصیات بھی شامل ہیں جن کی خدمات سے انکار نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہاکہ ایسی شخصیات کے بارے میں بات کرکے پاکستان اور پاکستانی تاریخ کی بے حرمتی کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسی شخصیات کے بارے میں بات کرنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔دوسری جانب حکومتی بینچز سے راجا ریاض نے قومی اسمبلی ایوان میں ذوالفقار بھٹو کے خلاف وفاقی وزیر کے بیان پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کے بیان کی مذمت کی۔

مزید پڑھیں: کسی میں جرات نہیں جو ہماری مرضی کے بغیر ہم پر فیصلے مسلط کرے، فواد چوہدری

انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیر سے کہتا ہوں جو لوگ زندہ ہیں ان کے بارے میں جو مرضی کہیں شہیدوں کو بیچ میں مت لائیں، ذوالفقار علی بھٹو شہید ہے اس نے عوام کا تحفظ کیا۔

Related Posts