بتایا جائے کابل ڈرون حملے میں پاکستانی فضا استعمال ہوئی یا نہیں، فواد چودھری
پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کابل میں امریکی ڈرون حملے میں القاعدہ سربراہ ایمن الظواہری کی ہلاکت کے حوالے سے متعلقہ وزارتوں سے واضح بیان کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی ڈرون حملے میں پاکستان کی سر زمین کے استعمال کا سوال نہیں ہے بلکہ سوال یہ ہے کہ پاکستان کی فضا استعمال کرنے کی اجازت دی گئی یا نہیں۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل بابر افتخار کے حالیہ بیان کا حوالہ دے رہے تھے، جنہوں نے گزشتہ شب ‘جیو نیوز’ سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ پاکستان کی سرزمین اس قسم کی چیز کے لیے استعمال ہوئی ہو’۔
فواد چوہدری نے ٹوئٹ میں کہا کہ سوال یہ ہے کہ پاکستان کی فضا استعمال کرنے کی اجازت دی گئی یا نہیں؟
یہ بھی پڑھیں:
القاعدہ کا لیڈر ایمن الظواہری امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں ہلاک
ان کا کہنا تھا کہ بار بار یہ بیان کہ پاکستان کی سرزمین استعمال نہیں ہوئی، غیر واضح بات ہے، متعلقہ وزارتوں کو واضح بیان جاری کرنا ہو گا۔
افغانستان کے ڈرون حملے میں پاکستان کی زمین استعمال ہونے کا سوال نہیں ہے سوال یہ ہے کہ پاکستان کی فضاء استعمال کرنے کی اجازت دی گئ یا نہیں؟ بار بار یہ بیان کہ پاکستان کی سرزمین استعمال نہیں ہوئ غیر واضع بات ہے متعلقہ وزارتوں کو وضع بیان جاری کرنا ہو گا
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) August 6, 2022