واپڈا نے منگلا بحالی منصوبوں کا کنٹریکٹ جی ای ہائیڈرو فرانس کو ایوارڈ کردیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

لاہور: واپڈا نے منگلا بحالی اور اپ گریڈیشن منصوبہ کے یونٹ نمبر 9 اور 10 پر مشتمل پیکیج 11- کا کنٹریکٹ جی ای ہائیڈرو فرانس کو ایوارڈ کر دیا۔کنٹریکٹ کی مالیت 11 ارب 92 کروڑ روپے ہے جس کے تحت منگلا کے یونٹ نمبر 9 اور 10 کی اپ گریڈیشن کی جائے گی۔معاہدے پرد ستخط کرنے کی تقریب منگل کے روز یہاں واپڈا ہائوس میں منعقد ہوئی۔

واپڈا کے جنرل منیجر (ہائیڈل) ڈویلپمنٹ احسان اللہ اورجنرل الیکٹرک ہائیڈرو فرانس کے نمائندے ابو بکر نے معاہدے پر دستخط کئے۔ممبر(پاور) واپڈا جمیل اختر، واپڈا کے سینئر آفیسرز، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے نمائندے بھی اس موقع پر موجودتھے۔واپڈا منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی اپ گریڈیشن منصوبے پر کام کررہا ہے، منصوبے کا منظور شدہ پی سی – ون 52 ارب 22 کروڑ 40 لاکھ روپے پر مشتمل ہے۔

منگلا اپ گریڈیشن منصوبے کو مختلف مراحل میں مکمل کیا جائے گا جس کے تحت ایک وقت میں صرف ایک سرنگ یعنی دو پیداواری یونٹوں کو بند کرکے ان کی اپ گریڈیشن کی جائے گی۔منگلا اپ گریڈیشن پراجیکٹ کو 11مختلف پیکجز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ آج ایوارڈ کئے گئے پیکیج 11- کے علاوہ9 مختلف پیکجز پہلے ہی ایوارڈ کئے جاچکے ہیں جبکہ چار پیکجز پر کام مکمل ہو چکا ہے۔

پہلے دویونٹوں کی اپ گریڈیشن 2022 میں مکمل ہوچکی ہے جبکہ تمام 10 پیداواری یونٹوں کی اپ گریڈیشن 2026-27 تک مکمل ہوجائے گی۔منگلا اپ گریڈیشن منصوبے کی تکمیل پر منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی موجودہ پیداواری صلاحیت ایک ہزار میگاواٹ سے بڑھ کر ایک ہزار 310 میگاواٹ ہوجائے گی، جس کی بدولت نیشنل گرڈ کو ہر سال ایک ارب 61 کروڑ یونٹ اضافی پن بجلی سے مہیا کی جا سکے گی۔ منگلا اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے لئے یو ایس ایڈ 150ملین ڈالر بطور گرانٹ اور اے ایف ڈی 90 ملین یورو بطور قرضہ مہیا کررہے ہیں جبکہ بقیہ رقم کا انتظام واپڈا اپنے وسائل کے ذریعے کررہا ہے۔

Related Posts