پی ایس ایل میں ایس او پیز کی خلاف ورزی، تحقیقاتی پینل تشکیل

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 کے دوران کورونا کیسز رپورٹ ہونے کی وجوہات جاننے کے لیے دو رکنی تحقیقاتی پینل تشکیل دے دیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ‘وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر سید فیصل محمود اور ڈاکٹر سلمیٰ محمد عباس پر مشتمل 2 رکنی فیکٹ فائنڈنگ پینل پی ایس ایل 6 کے لیے مقررہ بائیو سیکیور پروٹوکولز اور اس سے جڑے ضمنی قوانین کا ازسرنو جائزہ لے گا’۔

پی سی بی کا کہنا تھا کہ دو رکنی پینل 31 مارچ تک اپنی سفارشات اور تجاویز چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو پیش کرے گا۔

بیان کے مطبق پینل کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ پی ایس ایل 6 کے لیے تیار کردہ کووڈ-19 ایس او پیز کا ایک جامع اور تفصیلی جائزہ لینے کے بعد وہاں موجود کسی بھی خامی کی نشاندہی کرے اور ہمیں سفارشات پیش کرے کہ یہ بائیو سیکیور ماحول کووڈ فری کیوں نہ رہ سکا۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ پی سی بی اپنے کھلاڑیوں، سپورٹ اسٹاف اور اپنے میچ آفیشلز کی صحت اور حفاظت سے متعلق بہت سنجیدہ ہے، ہم زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز اور حالیہ ڈومیسٹک سیزن کے 9 ٹورنامنٹس میں اس کا عملی مظاہرہ بھی کرچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس میں نیشنل ٹی ٹونٹی کپ، قائداعظم ٹرافی اور پاکستان کپ بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ دو ماہرین پر مشتمل اس آزاد پینل کے تقرر کا واحد مقصد ایک ایمان دارانہ، تعمیری اور بامقصد جائزہ لینا ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ یہ آزاد پینل ایونٹ اور ہوٹل کے عملے، میڈیکل اینڈ کمپلائنز افسران، ٹیموں کے کھلاڑیوں اور منیجمنٹ سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے رابطہ قائم کرے گا تاکہ ہمیں بہتر اندازہ ہوسکے کہ یہ کیسز کیسے سامنے آئے۔

یہ بھی پڑھیں : کرکٹ بورڈ کی ملازمین کو کام گھروں سے جاری رکھنے کی ہدایت، دفاتر بند کردئیے

انہوں نے مزید کہا کہ اس تفصیلی جائزے کے بعد دو رکنی پینل اپنی سفارشات ہمیں پیش کرے گا۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز پی ایس ایل 6 میں بائیوسیکیور ببل کی ناکامی اور لیگ کے التوا پر تنقید کے بعد پی سی بی کے ڈائریکٹر اسپورٹس سائنس اور میڈیکل نے استعفیٰ دے دیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں بائیوسیکیور ببل کی ناکامی پر ڈاکٹر سہیل سلیم پر شدید تنقید کی جارہی تھی، اور انہیں بورڈ میں اندرونی سطح پر بھی تنقید کا سامنا تھا۔

یاد رہے کہ پی سی بی نے 3 روز قبل پی ایس ایل میں شامل مزید 7 کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی نشان دہی پر لیگ کے بقیہ میچز غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔