سندھ لائیو اسٹاک ایکسپو 2025 کے دوران کرنٹ لگنے سے دو جانور ہلاک ہوگئے، یہ حادثہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا جو مبینہ طور پر حفاظتی اقدامات کی غفلت کا نتیجہ تھا۔
یہ افسوسناک واقعہ اس ایونٹ کے دوران پیش آیا جو خطے میں مویشیوں اور زرعی مصنوعات کی نمائش کے لیے جاری تھا۔
سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے جمعہ کو ایکسپو سینٹر میں تین روزہ لائیوسٹاک ایکسپو 2025 کا افتتاح کیا۔
یہ ایونٹ 17 سے 19 جنوری تک جاری رہے گا اور اسے محکمہ لائیوسٹاک اینڈ فشریز نے زراعت، کھیل و امور نوجوانان، ثقافت، سیاحت و نوادرات، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن ، اور کمشنر کراچی کے تعاون سے منعقد کیا ہے۔
ایکسپو میں وزیر لائیواسٹاک اینڈ فشریز محمد علی ملکان (میزبان)، وزیر ثقافت ذوالفقار شاہ، بلوچستان حکومت کے صوبائی وزرا، اراکین اسمبلی، سفارتکار، سیکریٹری لائیواسٹاک کاظم جتوئی اور مختلف محکموں کے ڈائریکٹرز سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے زراعت، مویشی پالنے، اور ماہی گیری کے شعبوں میں دستیاب مواقع کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان شعبوں میں ترقی اور جدت کے بے پناہ امکانات موجود ہیں۔
یہ ایونٹ مویشی پالنے، زراعت، اور دیگر متعلقہ شعبوں میں ترقی کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے حالانکہ حفاظتی اقدامات کی غفلت سے پیش آنے والے حادثے نے اس پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔