کے ایم سی کے تمام انڈر پاسز میں ٹریفک کی روانی بحال ہے، میئر کراچی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے اتوار کے روز بارش کے بعد شہر کی صورتحال جاننے کے لئے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، چمن نالے اور صدر نالے پر موجود شہریوں سے ملاقات کے دوران انہوں نے بارش کے بعد کی صورتحال اور مسائل پربات چیت کی۔

میئر کراچی نے کہا کہ اگر کے ایم سی گجر نالے، صدر نالے، سولجر بازار نالے، محمود آباد نالے، پی ای سی ایچ ایس نالے سمیت دیگر نالوں سے تجاوزات نہ ہٹاتی تو بارشوں میں کراچی کی صورتحال اس سے کہیں مختلف ہوتی، 2018 میں ہم نے ان نالوں کی گہرائی تک تفصیل کے ساتھ صفائی کی تھی جس کی وجہ سے آج یہ نالے برساتی پانی کے بہاؤ کو قائم رکھے ہوئے ہیں۔

حکومت سندھ سے نالوں کی صفائی کو تیز کرنے کی درخواست کی ہے اور کہا ہے کہ کراچی کے برساتی نالوں کا مستقل حل تلاش کیا جائے، میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی کے تمام انڈر پاسز میں ٹریفک کی روانی بحال ہے ان پر عملہ تعینات کردیا گیا ہے تاکہ پانی جمع ہونے کی صورت میں فوری نکاسی کا عمل شروع کردیا جائے۔

میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی کے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ کردیا گیا ہے اور یہ بھر پور کوشش ہے کہ شہریوں کو برسات کے موسم میں کم سے کم تکالیف کا سامنا ہو۔

علاوہ ازیں میئر کراچی نے بارش شروع ہوتے ہی عباسی شہید اسپتال سمیت بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ رکھیں اور ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حا ضری کو یقینی بنائیں۔

میئرکراچی وسیم اختر نے کہا کہ بارشوں میں زخمی ہونے والے یا کرنٹ لگنے والے افراد کو فوری طبی امداد مہیا کی جائے اور ابتدائی طبی امداد اور علاج معالجے کے لیے لواحقین کا انتظار نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے ہسپتال غریبوں اور بے سہارا شہریوں کی امیدوں کا مرکز ہیں لہذا ہسپتال آنے والے مریضوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ضابطہ کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔