دنیا کو محفوظ بنانے کیلئے خواتین کو نہیں مردوں کو تبدہل ہونا ہوگا، میئر لندن

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

لندن:برطانوی دارالحکومت لندن کے میئر پاکستانی نژاد صادق خان کا کہنا ہے کہ وقت آگیا ہے دنیا کو محفوظ بنانے اور خواتین کی حفاظت کے لیے مرد اپنے آپ کو تبدیل کریں۔

صادق خان نے آئندہ ماہ 6 مئی کو لندن کے میئر کے ہونے والے انتخابات کی مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اگلے انتخابات میں منتخب ہوجاتے ہیں تو وہ خواتین کی حفاظت کے لیے مزید سخت قوانین کا نفاذ کریں گے۔

صادق خان نے برطانوی میگزین کو دئیے گئے خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ نہ صرف مرد حضرات کو پرتشدد مزاج بدلنا پڑے گا بلکہ دنیا کو خواتین کے لیے محفوظ بنانے کے لیے مرد حضرات کو اپنی سوچ بھی بدلنی پڑے گی۔

صادق خان کے مطابق ان کی خواہش ہے کہ عوامی مقامات پر جنسی ہراسانی جرم قرار دیا جائے اور اگر وہ اگلی بار منتخب ہوجاتے ہیں تو وہ جنسی ہراسانی اور گھریلو تشدد کے حوالے سے مزید سخت قوانین نافذ کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ دوسری مدت میں منتخب ہونے کے بعد میٹروپولیٹن پولیس کے ہمراہ مل کر گھریلو تشدد اور جنسی ہراسانی جیسے معاملات پر سخت کام کرکے شہر کو خواتین و لڑکیوں کے لیے محفوظ بنائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں صادق خان نے کہا کہ ہر خاتون اور لڑکی کو ہر وقت خود کو محفوظ تصور کرنا چاہیے، لڑکی کو اس بات کا خوف نہیں ہونا چاہیے کہ انہوں نے کس وقت کیا پہن رکھا ہے۔

انہوں نے اپنی ایک ٹوئٹ میں بھی لکھا کہ خواتین کو تبدیل ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ وقت آگیا ہے کہ مرد حضرات خود کو تبدیل کریں۔

میئر لندن کے مطابق وہ شہر کو خواتین کے لیے زیادہ محفوظ بنانے کے لیے عورتوں کے لیے سائکلنگ سمیت دیگر سواریوں کے خصوصی روٹس بھی متعارف کرائیں گے۔