حکومت سندھ نے بلدیاتی اداروں کو ختم کرنے کیلئے کمر کس لی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

KMC officials plunge Karachi into darkness

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: حکومت سندھ نے بلدیاتی اداروں کو ختم کرنے کی تیاری کر لی،کسی بھی وقت صوبے بھر کی یونین کونسل، یونین کمیٹی، ٹاؤن کمیٹی، میونسپل کمیٹی، میونسپل کارپوریشنوں کے عوامی نمائندوں کو گھر بھیج کر ایڈمنسٹریٹرز تعینات کردئیے جائیں گے۔

باخبر ذرائع کے مطابق محکمہ بلدیات سندھ نے عید سے قبل ہی وزیراعلیٰ سے سمری کی منظوری سمیت دیگر تمام قانونی کارروائی مکمل کر لی تھی تاہم محکمہ بلدیات نے کورونا وائر س کے باعث کارروائی روک دی تھی کیونکہ وائرس کے تدارک میں بلدیاتی اداروں سے بھی کام لیا جانا تھا تاہم اب صورتحال کافی واضح ہوچکی ہے اور سندھ حکومت جانب سے کسی بھی وقت کوئی بڑا فیصلہ سامنے آسکتا ہے۔

اس حوالے سے محکمہ بلدیات سندھ کا کہناہے کہ میئر اوراضلاع کے چیئر مینوں کا الیکٹرول کالج یوسیز کے چیئرمین اور وائس چیئرمین تھے۔انہیں عوام نے براہ راست ووٹوں سے منتخب کیا تھا اور انہوں نے اپنے عہدوں کے حلف فروری2016 میں لے لئے تھے اس طرح ان کی چار سالہ مدت مکمل ہو چکی ہے۔

واضح رہے میئر اور میونسپل کونسلوں کے چیئر مین براہ راست عوام کے ووٹوں سے منتخب نہیں ہوئے ہیں تازہ اطلاعات کے مطابق حکومت سندھ ان دنوں وفاقی حکومت سے جاری سیاسی محاز آرائی کے باعث بلدیاتی اداروں کو ختم کرنیکے نوٹیفیکشن جاری کرنے سے گریزاں ہے اور کسی مناسب دن کے انتظار میں ہے جیسے ہی اسے وفاقی حکومت سے کوئی مثبت سگنل ملا بلدیاتی اداروں کے خاتمے کا نوٹیفیکشن اگلے دن ہی جاری ہو جائے گا۔

دیکھا جائے تو اس وقت کراچی اور سندھ میں پی ٹی آئی کے نمائندوں کی بلدیاتی اداروں میں تعداد کم ہے اس لئے پی ٹی آئی کی جانب سے کسی زیادہ احتجاج کا امکان کم ہے لیکن ایم کیو ایم پاکستان کا ردعمل سخت ہو سکتا ہے کیونکہ کراچی اور حیدرآباد میں اس کے بلدیاتی نمائندوں کی اکثریت ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ بلدیاتی اداروں کے موجودہ نمائندں کوکو آئندہ مالی سال کے بجٹ پیش کرنے سے قبل فارغ کرنا چاہتی ہے اور ان کی جگہ ایڈمنسٹریٹر تعینات کر دیے جائیں گے ہو سکتا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز کوذمہ داریاں سونپ دی جائیں۔

دوسری جانب میئرز،چیئرمینوں اوربلدیاتی نمائندوں نے بھی اپنے معاملات تیزی سے سمیٹنا شروع کر دیئے ہیں، فنڈز نہ ہونے کے باوجود نئے ترقیاتی کاموں کے ٹینڈرز تیزی سے جاری کئے جارہے ہیں۔ سیاسی پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے افسران پسند کی پوسٹیں لے رہے ہیں جبکہ نئی بھرتیاں بھی ہورہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق میونسپل اور ٹاؤن کمیٹی کے چیئرمینوں کی جگہ اسسٹنٹ کمشنرز کو ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا جائے گا۔

ضلعی کونسل اور ضلعی میونسپل کارپوریشنوں کے چیئرمینوں کی جگہ اس ضلع کے ڈپٹی کمشنرز کو چارج دیا جائے گا جبکہ شہری علاقوں کی میونسپل کارپوریشنز میں کمشنرز کو ایڈمنسٹریٹرز تعینات کرنے کی بھی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

Related Posts