علمائے کرام نے اداروں پر سیاستدانوں کی تنقید ملک دشمنی قرار دیدی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

ممتاز علمائے کرام اور دینی رہنماؤں نے سیاسی جماعتوں اور سیاسی رہنماؤں کی جانب سے سیاسی اغراض و مقاصد کے تحت دفاعی اداروں پر تنقید کو ملک دشمنی قرار دیتے ہوئے اپیل کی ہے کہ سیاسی جماعتیں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں، ملک کے محترام اداروں کو سیاسی مقاصد کیلئے ہدف تنقید نہ بنائیں۔

اس سلسلے میں ایم ایم نیوز ٹی وی سے مختلف مسالک اور مکاتب فکر کے علمائے کرام نے خصوصی گفتگو کی اور دفاعی اداروں پر سر عام تنقید کے سلسلے کو نا خوشگوار اور نا مناسب عمل قرار دیا۔ 

ممتاز عالم دین، دار العلوم صفہ سعید آباد کے نائب مہتمم اور اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر مفتی زبیر نے ایم ایم نیوز سے گفتتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دفاعی ادارے ملک و قوم کے دفاع کا اہم ترین فریضہ اپنی جانوں کے ساتھ کھیل کر انجام دے رہے ہیں اور ہمیں اپنے اداروں کی پرفیشنل کارکردگی پر اعتماد اور فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں جس طرح دفاعی اداروں کو نشانہ بنا رہی ہوتی ہیں، یہ بہت خوفناک ٹرینڈ ہے، اس روش سے ہمارا اپنا نقصان ہوگا۔

بریلوی مکتب فکر کے ممتاز عالم دین مولانا مفتی حنیف قریشی نے کہا کہ نازک صورتحال میں جبکہ ملک کو چاروں طرف سے دشمنوں کی یلغار کا سامنا ہے، ہمیں اپنے دفاعی اداروں کو مضبوط کرنا چاہیے، ایسے موقع پر اداروں پر سیاسی حوالوں سے تنقید افسوسناک ہے۔

مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رہنما اور ممتاز عالم دین مولانا مفتی محمد یوسف قصوری نے کہا کہ ادارے ہیں تو ملک قائم ہے، ہمیں اپنے اداروں پر اعتماد بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ سیاسی جماعتیں اداروں کو بلا ثبوت نشانہ بنانا بند کریں۔

معروف اسکالر ڈاکٹر ثروت عسکری نے کہا کہ اداروں کے ساتھ نیک نیتی کی بنیاد پر طرز عمل اختیار کرنا چاہیے، اداروں کو مضبوط کریں گے تو ہم بھی مضبوط ہوں گے، جو لوگ اداروں پر بے وجہ تنقید کرتے ہیں وہ درحقیقت اپنے پیروں پر کلہاڑی مار رہے ہوتے ہیں جو انتہائی غلط بات ہے۔

مزار قائد کے فاتحہ خوان اور خطیب ممتاز عالم دین مولانا قاری محمد شمس الدین نے اداروں پر تنقید پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدان اداروں کو نشانہ بنا کر دشمن کا کام آسان کر رہے ہیں۔ اس صورتحال پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ادارے ہمارے ملک کے محافظ ہیں، محافظوں کو مضبوط بنایا جاتاہے، تنقید سے ادارے کا مورال متاثر ہوسکتا ہے۔

 

جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے رہنما علامہ سمیع سواتی نے کہا کہ ایک جماعت کی جانب سے فوج پر نفرت انگیز الزامات کا سلسلہ بہت ہی اذیت ناک ہے، انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت نے اداروں کو نشانہ بناکر وہ کام کیا ہے جو دشمن چاہتا ہے۔

Related Posts