سیاست کے میدان میں ناکام حکومت مخالفین چور دروازہ ڈھونڈ رہے ہیں۔فردوس عاشق اعوان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

وزیر اعظم کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سیاست کے میدان میں ناکام ہونے کے بعد سیاسی مخالفین چور دروازہ تلاش کر رہے ہیں تاکہ سیاسی نقب زنی کی جاسکے۔ 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں معاونِ خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام نے پاکستان تحریکِ انصاف کو مینڈیٹ دیا ہے، ہم اتحادیوں کے ساتھ مل کر عوامی مسائل حل کریں گے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کو مخاطب کرتے ہوئے معاونِ خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلاول صاحب! کراچی کے مسائل سیاسی جماعت کا اتحاد توڑنے سے حل نہیں ہوں گے۔

بلاول بھٹو کے بیان کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کراچی کے مسائل کا حل بدعنوانی، لوٹ مار اور کمیشن سے اتحاد توڑنے میں ہے جبکہ شہرِ قائد کا اصل مسئلہ ایک دہائی سے سندھ پر مسلط کرپٹ ٹولا ہے۔

سندھ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جب تک سندھ حکومت پر کرپٹ ٹولہ مسلط رہے گا، سندھ اور کراچی کی قسمت نہیں بدلے گی۔

معاونِ خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کرپٹ ٹولے کی سیاہ حرکتوں کی وجہ سے عوام نے ان سے سیاسی اتحاد توڑ لیا جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے قوم کو جوڑ توڑ اور لین دین کی سیاست سے پاک کردیا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو حقیقی جمہوری رویوں سے ثابت کرنا ہوگا کہ وہ ذوالفقار علی بھٹو اور بی بی شہید کی عوامی سیاست کے وارث ہیں۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) رہنماؤں کی پناہ گاہوں پر بلا جواز تنقید غریب دشمنی ہے۔

ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سخت سردی سے ٹھٹھرتے بے گھر افراد کے لیے سائبان کی دستیابی وزیر اعظم عمران خان کے احساس کا مظہر ہے۔ 

مزید پڑھیں: پناہ گاہوں پر بلا جواز تنقید غریب دشمنی ہے۔ فردوس اعوان