سانحہ پشاور کے ایک ایک قطرہ خون کا حساب لیں گے، حکومت نے عزم کرلیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

سانحہ پشاور پر وفاقی کابینہ نے اس عزم کا اظہارکیا ہےکہ پاکستانیوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے، دہشت گردی کی ہر قسم کا مکمل خاتمہ اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایاجائےگا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں پشاور پولیس لائنز مسجد میں خودکش حملے کے خلاف متفقہ طور پر قرارداد مذمت منظورکی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:

دہشت گردی کا ذمے دار ہوں نہ مہنگائی کا، عمران خان

 متفقہ قرارداد میں کہا گیا کہ  اللہ تعالی کے گھر میں سربسجود مسلمانوں کو نشانہ بنانے والے مسلمان نہیں ہوسکتے، نہ ہی انسان کہلانے کے حق دار ہیں، قرآن وسنت اور پیغام پاکستان کے پلیٹ فارم سے جید علماءکرام کی متفقہ رائے کے مطابق ایسے واقعات قطعاً حرام اور اسلام کے احکامات کے صریحاً خلاف ہیں، دہشت گردی کی ہر قسم کا مکمل خاتمہ اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائےگا، پاکستانیوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے۔

وفاقی کابینہ نے زور دیا ہے کہ قومی دفاع، سلامتی اور امن و معیشت کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے ملک کی تمام سیاسی قوتیں اپنی رنجشوں کوبالائے طاق رکھ دیں اور ملک و قوم کے مفاد میں دہشت گردی کے خاتمے کے ایجنڈے پر ایک ہو جائیں۔

وفاقی کابینہ نے قرارداد میں کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی کی تنظیم نو کی جائےگی، معیاری تربیت اور جدید اسلحے سمیت ضروری سازوسامان کی فراہمی کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچا جاسکے۔

قرارداد میں کہا گیاہےکہ وفاقی کابینہ پاکستان کے عوام اور اُن کی منتخب حکومت کی نمائندگی کرتے ہوئے 30 جنوری 2023 کو پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں دہشت گردی کے اندوہناک واقعے کی شدید مذمت اور تمام متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتی ہے، پوری قوم شہداءکے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے، اللہ تعالی شہداء کے درجات بلند فرمائے، لواحقین کو صبر اور زخمیوں کو صحت دے۔ 

خیال رہے کہ پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں پیر کو خود کش دھماکا ہوا تھا جس میں 100 سے زیادہ نمازی شہید ہوگئے تھے۔

Related Posts