پنجاب پولیس کی افسر بینش فاطمہ نے بین الاقوامی ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔ بینش فاطمہ کو انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف چیفس آف پولیس (آئی اے سی پی) کی جانب سے 2024 کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
ایوارڈ بوسٹن میں صدر آئی اے سی پی کی جانب سے پیش کیا گیا، جہاں بینش فاطمہ کو دنیا بھر کے 40 سال سے کم عمر کے بہترین افسران میں شامل کیا گیا۔ آئی اے سی پی ہر سال ان افسران کو منتخب کرتا ہے جو اپنی کمیونٹی میں حفاظت کے جدید تقاضوں کے مطابق بہترین خدمات سرانجام دیتے ہیں۔
آئی جی پنجاب عثمان انور نے ایس پی بینش فاطمہ کو یہ اعزاز حاصل کرنے پر مبارک باد دی اور کہا کہ ”بینش فاطمہ پنجاب پولیس کا قیمتی سرمایہ ہیں، جو دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہی ہیں۔“
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ بینش فاطمہ کو راولپنڈی کی پہلی خاتون چیف ٹریفک آفیسر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔