پاکستان کی تخلیق پر ہم قائد اعظم کا جتنا بھی احسان مانیں وہ کم ہے، گورنرسندھ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی:گورنرسندھ عمران اسماعیل نے یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دنیا میں کم لوگ ایسے ہوتے ہیں جو تاریخ بدلتے ہیں یا اس کی طاقت رکھتے ہیں اس سے بھی کم لوگ ایسے ہوتے ہیں جو نیا ملک بناتے ہیں یا دنیا کا نقشہ بدلتے ہیں اور بہت ہی کم لوگ ایسے ہوتے ہیں جو قوم تشکیل دیتے ہیں یا ایک قوم بناتے ہیں۔

قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے یہ تینوں کام کئے، پاکستان کی تخلیق پر ہم قائد اعظم ؒ کا جتنا بھی احسان مانیں وہ کم ہے ان کی عظیم جدوجہد کے باعث ہی آج ہم ایک آزاد قوم کی صورت میں پوری دنیا کے سامنے کھڑے ہیں اور ہمیں اپنے وطن پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان انشااللہ آنے والے دنوں میں ایک مضبوط، توانااور طاقتور ملک بن کر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2 برس کے دوران پاکستان مشکلات کا شکار رہا ہے کیونکہ ہمیں کمزور معیشت ملی۔

وزیراعظم نے اس معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے کئی اقدامات کئے جن کی بدولت آج پاکستان جہاں کھڑا ہے وہاں میں آپ کو خوشخبری دینا چاہتاہوں کہ آنے والا وقت بہت ہی اچھا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان نے ٹیک آف کرنا شروع کردیا ہے یہ سب ایک دلیر لیڈر شپ کی وجہ سے ہی ممکن ہورہا ہے۔ گورنرسندھ نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر کشمیری بھائیوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آپ ہمیشہ سے پاکستان کا حصہ ہیں۔

پاکستان ہمیشہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور کشمیر کو اپنا حصہ سمجھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیا نقشہ پاکستان کے ہر فرد کے دل کی آواز ہے، انشااللہ بہت جلد یہ حقیقت کا روپ دھارے گا اور مقبوضہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہوگا۔