پاپ میوزک کی عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے حال ہی میں این ایف ایل اسٹار ٹراوس کیلسی کے ساتھ منگنی کی تصدیق کرنے کے بعد اب اپنی نئی البم کا اعلان بھی کردیا ہے جس کے بعد ان کی شادی کی افواہیں مزید تیز ہوگئی ہیں۔
انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے ٹیلر سوئفٹ نے اپنے اندازِ مزاح میں منگنی کی خبر دی تھی، اسی جوش و خروش کے ساتھ انہوں نے انسٹاگرام اسٹوریز پر اپنی بارہویں اسٹوڈیو البم دی لائف آف اے شو گرل کا پوسٹر بھی جاری کردیا جس میں وہ سرخ چمکتی ہوئی ڈریس میں اپنے شانے پر سر ٹکائے نظر آتی ہیں۔

یہ البم 3 اکتوبر 2025 کو ریلیز ہوگا، جس میں 12 گانے شامل ہوں گے۔ سب سے زیادہ توجہ کا مرکز اس کا ٹائٹل ٹریک ہے جو مشہور گلوکارہ سبریانا کارپنٹر کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔
ٹیلر سوئفٹ کے مطابق یہ البم ان کے سابقہ تجربات سے متاثر ہے اور اس میں تبدیلی، استقامت اور ذاتی عکاسی جیسے موضوعات کو سمیٹا گیا ہے۔
منگنی کے فوراً بعد آنے والے اس اعلان نے سوشل میڈیا پر مداحوں کو جوش سے بھر دیا ہے۔ سوئفٹیز (ٹیلر کے فینز) اس کو ان کی زندگی کے نئے باب سے جوڑ کر دیکھ رہے ہیں۔ ایک مداح نے لکھا کہ صرف ٹیلر ہی شادی اور البم دونوں ایک ساتھ دے سکتی ہیں، وہ کبھی مایوس نہیں کرتیں۔
اگرچہ ٹیلر سوئفٹ اور کیلسی کی شادی کے بارے میں تفصیلات فی الحال منظر عام پر نہیں آئیں لیکن ان کے لگاتار اعلانات نے دنیا بھر میں یہ تاثر پیدا کردیا ہے کہ 2025 ان کے کیریئر اور ذاتی زندگی کا ایک نیا اور یادگار سال ثابت ہوگا۔













گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








