ٹنڈو محمد خان: مقامی پولیس نے ایک نوزائیدہ بچہ بازیاب کرلیا جسے والد نے 50 ہزار روپے کے عوض فروخت کر دیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے اس شخص کی شناخت کی گئی جس نے بچے کے والد سے رقم کے بدلے نوزائیدہ وصول کیا تھا۔
بچے کے والد سہیل پلیجو نے پولیس کو بتایا کہ اس نے اپنے بچے کو غلام حیدر نامی شخص کے حوالے کیا تھا جس نے مزید بتایا کہ اس نے بچے کو حیدرآباد میں کسی اور شخص کے حوالے کر دیا۔
قبل ازیں نوزائیدہ کی والدہ نے پولیس کو بتایا کہ اسپتال انتظامیہ نے بل کی ادائیگی کا مطالبہ کیا تھا، جس پر اس کے شوہر نے رقم کا بندوبست کیا اور بچے کو ایک شخص کے حوالے کر دیا۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچے کو بازیاب کرکے ماں کے حوالے کر دیا۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ والدین نے علاج کے بل کی مد میں 10ہزار روپے ادا کیے تھے جو انہیں واپس کر دیے گئے ہیں۔