افغانستان میں امریکی ایئربیس پر حملہ، خاتون ہلاک، 60 سے زائد افراد زخمی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کابل:افغانستان میں امریکی ایئربیس سے منسلک زیر تعمیر اسپتال پر خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری کار ٹکرا دی جس کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک اور 60 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغانستان کے صوبہ پروان کے ضلع بگرام میں امریکا کی سب سے بڑی ایئر بیس سے منسلک زیر تعمیر اسپتال کی عمارت پر خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری کار ٹکرادی جس کے بعد مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کرکے ایئربیس میں داخل ہونے کی کوشش کی۔

امریکی ایئر بیس میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے مسلح افراد کو سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا رہا، زوردار دھماکے اور دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک ہوگئیں جبکہ 60 سے زائد افراد زخمی ہوگئے جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:فلوریڈا میں نیول بیس پر فائرنگ سے 3اہلکارجاں بحق، حملہ آوربھی ہلاک

اتحادی افواج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 7 مسلح افراد نے 4 بارود سے بھری گاڑیوں کی مدد سے حملہ کیا تھا۔ افغان فوج اور اتحادی افواج نے فوری ردعمل دیتے ہوئے مسلح افراد کا حملہ ناکام بنایا اور دو گاڑیوں میں بھرا باردو ناکارہ بنادیا گیا ہے۔ ہمارا کوئی فوجی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ حملہ آوروں نے اْسی ایئر بیس کو نشانہ بنایا ہے جہاں کا کچھ دنوں قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اچانک دورہ کیا تھا اور 3 ماہ سے معطل افغان امن مذاکرات دوبارہ قطر میں بحال ہوچکے ہیں۔ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔