تعلیم کے بعد 3 سال تک نیوزی لینڈ میں رہائش اور ملازمت کی اجازت، جانئے طریقہ کار

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی تصویر

نیوزی لینڈ کے پوسٹ اسٹڈی ورک ویزا کیلئے پاکستانی بھی اپلائی کر سکتے ہیں، اس کیلیے اہلیت کا معیار اور درخواست دینے کا طریقہ کار انتہائی آسان ہے۔

بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ اسلام آباد کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نیوزی لینڈ کا پوسٹ اسٹڈی ورک ویزا آپ کو نیوزی لینڈ میں اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہاں تین سال تک رہنے اور کام کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اس ویزا کی مدد سے آپ مستقل رہائش یعنی ریذیڈنٹ ویزا بھی حاصل کر سکتے ہیں، اس کیلیے اہل ہونے کی بنیادی شرط یہ ہے کہ آپ نے حال ہی میں نیوزی لینڈ سے کوئی منظور شدہ ڈگری یا کورس مکمل کیا ہو۔

’عام طور پر آپ کو اپنا اسٹوڈنٹ ویزا ختم ہونے کے تین مہینے کے اندر اس ویزا کیلیے درخواست دینی ہوتی ہے، تاہم پی ایچ ڈی کرنے والوں کیلیے یہ دورانیہ بڑھ کر چھ مہینے ہو جاتا ہے۔‘

بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ اسلام آباد کے مطابق اس کے علاوہ اگر آپ نے اپنی پہلی اہل ڈگری کے فوراً بعد کوئی ایسی اعلیٰ تعلیم شروع کی جس کا دورانیہ تیں ہفتوں سے کم تھا تو آپ کے پاس اپلائی کرنے کیلیے بارہ مہینے کا وقت ہوتا ہے۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ ان سب کے ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ آپ کے پاس وہاں رہنے کے اخراجات اٹھانے کیلیے کم از کم 5000 نیوزی لینڈ ڈالر موجود ہوں۔

نیوزی لینڈ کے پوسٹ اسٹڈی ورک ویزا کے بارے میں مزید معلومات کیلیے اس صفحے پر جائیں: www.immigration.govt.nz/visas/post-study-work-visa

Related Posts