اسٹیٹ بینک کو سعودی عرب سے مزید ایک ارب ڈالر موصول

تازہ ترین

تازہ ترین

اسٹیٹ بینک
(فوٹو: اردو پوائنٹ)

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب سے پاکستان کو مزید 1 ارب ڈالرز موصول ہوگئے ہیں، رقم سعودی وزارتِ خزانہ نے اسٹیٹ بینک کو منتقل کی۔

مرکزی بینک کے مطابق یہ رقوم اس تین ارب ڈالر کے اضافی ڈیپازٹ کا دوسرا حصہ ہیں جس پر دونوں ممالک کے درمیان حال ہی میں اتفاق کیا گیا تھا اور جس کی مرحلہ وار منتقلی طے پائی تھی۔اس سے پہلے اس معاہدے کے تحت 2 ارب ڈالر کی پہلی قسط 15 اپریل کو پاکستان کو منتقل کی گئی تھی، جس کے بعد سعودی عرب سے پاکستان کو منتقل کی گئی رقم 3 ارب ڈالرز تک جا پہنچی۔

سعودی وزارتِ خزانہ کے ایک ترجمان نے بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس پیش رفت کی تصدیق کی اور واضح کیا کہ سعودی عرب نے پاکستان کے بیرونی ادائیگیوں کے توازن کو سہارا دینے کیلئے 3  ارب ڈالر کے ڈیپازٹ پر اتفاق کیا تھا۔

یہ مالی معاونت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان کو رواں مہینے متحدہ عرب امارات کو ساڑھے 3 ارب ڈالر کا قرض واپس کرنا ہے، جو ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کا بڑا حصہ یعنی تقریباً 18 فیصد بنتا ہے، جبکہ اس میں سے  2 ارب ڈالر کی ادائیگی پہلے ہی کی جا چکی ہے۔

Related Posts